Monday, May 20, 2024

آپریشن ردالفساد: دہشتگردوں کے سہولت کاروں سمیت سیکڑوں گرفتار

آپریشن ردالفساد: دہشتگردوں کے سہولت کاروں سمیت سیکڑوں گرفتار
February 25, 2017

لاہور (92نیوز) ملک کے مختلف شہروں میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کریک ڈاؤن۔ رحیم یار خان، لاہور، حافظ آباد، چنیوٹ میں حساس اداروں اور پولیس کا کومبنگ آپریشن، بائیس افغانوں سمیت ستر سے زائد افراد گرفتار، بھاری اسلحہ برآمد، رحیم یار خان میں بارود اور اسلحہ سپلائی کرنے والے دو ٹرک ڈرائیور پکڑے گئے۔

تفصیلات کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف ملک بھر میں پاک فوج کا آپریشن ردالفساد بھرپور انداز سے جاری ہے۔ پولیس اور رینجرز کی مختلف شہروں میں کارروائیاں، درجنوں افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ رحیم یارخان میں پولیس اورحساس اداروں نے ماچھی گوٹھ میں کارروائی کی جس کے دوران دہشت گردوں کے دو سہولت کاروں کوگرفتارکرلیا گیا۔

پشاور میں تیس مشکوک افراد کو گرفتار کرلیا گیا، ضلع صوابی کے علاقے چھوٹا لاہور میں سکیورٹی فورسز اور پولیس نے سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن کےدوران ایک اشتہاری اور تین سہولت کاروں سمیت اٹھہترافراد کو حراست میں لے لیا۔ چارسدہ سرڈھیری اورمردان کے علاقہ رستم میں بھی سکیورٹی فورسزاورپولیس نے سرچ آپریشن کرتے ہوئے ستائیس مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔

اس کے علاوہ کوئٹہ میں سریاب، نیوسریاب اور خروٹ آبادسمیت مختلف علاقوں میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 12افغان باشندوں کو گرفتار کرلیا۔ نیشنل ایکشن پلان کے تحت حافظ آباد اور چنیوٹ میں فورسز نے آپریشن کے دوران اٹھہتر مشکوک افراد کوحراست میں لے لیا۔

لیہ کی تحصیل کروڑ لعل عیسن میں پولیس اور رینجرز نے مختلف علاقوں میں مشترکہ آپریشن کیا جس کے دوران چار افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ اور نفرت انگیز مواد برآمدکرلیا گیا۔ دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے لاہور، اسلام آباد اور پشاور سمیت مختلف علاقوں میں پولیس اور سکیورٹی اداروں کے کومبنگ آپریشن کے دوران چوراسی مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا جبکہ پولیس نے لاہور میں قذافی اسٹیڈیم کے اطراف میں بھی سرچ آپریشن کیا ہے۔ لاہور میں قذافی اسٹیڈیم کے گردو نواح میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران سات مشکوک افراد کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔

پی ایس کے فائنل کیلئے قذافی اسٹیڈیم کے اطراف کو ریڈ زون قرار دیا گیا ہے۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی اور قذافی اسٹیڈیم کے اردگرد سکیورٹی اداروں اور پولیس کے جوان سادہ کپڑوں میں بھی فرائض انجام دے رہے ہیں۔ اسلام آبادپولیس نے تھانہ سبزی منڈی کے علاقے میں واقعے بس سٹینڈز اور اردگرد کے علاقوں میں سرچ آپریشن کیا۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق آپریشن کے دوران چار افغان باشندوں سمیت 43 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ پشاور میں پولیس نے یونیورسٹی ٹاون کی حدود میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے 7 مشتبہ افراد سمیت 30 افراد کوگرفتار کرلیا۔ گرفتار افراد سے 3 پستول، ایک ریپیٹر اور 100 سے زائد  کارتوس بھی برآمد کیے گئے۔

چنیوٹ میں پولیس نے سٹی، بھوآنہ، صدر اور کانڈیوال کے علاقوں میں سرچ آپریشن کیا اور مجموعی طور پر چھیاسی افراد کی بائیومیٹرک تصدیق کی۔ اس دوران سکیورٹی اہلکاروں نے ناجائز اسلحہ برآمد ہونے پر 4 افراد کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے گرفتار افراد کو تحقیقات کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔