Friday, April 19, 2024

آپریشن ردالفساد: خیبرپختونخوا سے57 مشتبہ افراد گرفتار، اسلحہ برآمد

آپریشن ردالفساد: خیبرپختونخوا سے57 مشتبہ افراد گرفتار، اسلحہ برآمد
March 1, 2017

پشاور (92نیوز) پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں آپریشن ردالفساد کے تحت امن دشمنوں کے خلاف کارروائیاں تیز کردی گئیں۔ کالعدم تنظیم کے چار کارندے گرفتار کر لئے گئے۔ چارسدہ میں سرچ آپریشن کے دوران پچیس مشتبہ افراد اور اشتہاری ملزموں کو بھی دھر لیا گیا جن کے قبضے سے دو راکٹ لانچر، چھ کلاشنکوف، دو دستی بم، دس پستول اور چھ بندوقیں برآمد ہوئیں۔ گرفتار افراد کو مزید پوچھ گچھ کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔

پشاور میں تھانہ دائودزئی، گل بہار اور دیگر علاقوں میں پولیس نے گھرگھر تلاشی آپریشن کئے۔ آپریشن کے دوران جہاں گیارہ مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا وہیں سترہ اشتہاری ملزمان بھی پولیس کے ہتھے چڑھ گئے۔ گرفتار افراد سے دو ایس ایم جی، پستول، شاٹ گن، رائفل اور اسٹین گن بھی برآمد ہوئی۔ اسپیشل پولیس یونٹ نےحسن گڑھی کے علاقہ سے پمفلٹ تقسیم کرنے والے کالعدم تنظیم کے چار کارندوں کو گرفتار کر لیا۔