Friday, March 29, 2024

سکیورٹی فورسزنے 12افغانیوں سمیت درجنوں افراد گرفتارکرلیے

 سکیورٹی فورسزنے 12افغانیوں سمیت درجنوں افراد گرفتارکرلیے
March 4, 2017

کوئٹہ (92نیوز) ملک کے مختلف شہروں میں ردالفساد آپریشن کے تحت کارروائیاں جاری ہیں۔ کوئٹہ سے بارہ افغان باشندوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ پشاور میں پولیس نے بائیس مشتبہ افراد کو دھر لیا۔ چنیوٹ اور بھکر سے بھی درجنوں ملزم پکڑے گئے جن سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے علاقے کہان میں آپریشن ردالفساد کے تحت ایف سی نے سرچ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کر لیا گیا، اسلحے میں 24 دستی بم، مختلف بور کی بندوقیں، 49 سو چھوٹی مشین گن کے راؤنڈ اور 453 ہیوی مشین گن کے راؤنڈشامل ہیں۔

ادھر پشاور میں سماج دشمن عناصر اور مشتبہ افراد کی گرفتاری کے لئے پولیس کی کارروائیاں جاری ہیں۔ پولیس نے رات گئے تھانہ ٹاون کی حدود میں سرچ آپریشن کیا اور 22 افراد کو گرفتار کرلیا جن میں 8 مشتبہ افراد بھی شامل ہیں۔

پولیس نے درجنوں گھروں کو چیک کیا اور کرایہ کے مکانات کے لئے قانونی دستاویزات نہ رکھنے پر 6 افراد کو گرفتار کرکے حوالات میں بند کردیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار افراد سے اسلحہ اور منشیات بھی برآمد کر لی گئی ہیں۔