Wednesday, April 24, 2024

آپ نے اچھی مہمانداری نہیں کی !!! چیئرمین پی سی بی کے بھارتی کرکٹ بورڈ سے خط میں گلے شکوے

آپ نے اچھی مہمانداری نہیں کی !!! چیئرمین پی سی بی کے بھارتی کرکٹ بورڈ سے خط میں گلے شکوے
October 22, 2015
لاہور (92نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے بطور مہمان بلا کر ناروا سلوک کرنے کے حوالے سے احتجاجی خط لکھ دیا ہے جس میں واضح کیا گیا ہے کہ اب پی سی بی نہیں بلکہ ششانک منوہر کو جہاں مذاکرات یا ملاقات کرنا ہو گی پہل کرتے ہوئے خود آنا ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی شہر یار خان نے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق مینجر یاور سعید کی وفات پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دورہ بھارت میں ناروا سلوک کرنے پر احتجاجی خط لکھ دیا گیا ہے جس میں موقف اختیا ر کیا گیا ہے کہ آپ نے مہمان نوازی کے اصولوں کی خلاف ورزی کی ہے۔ شہر یا ر خان نے بتا یا کہ وہ دوسرا ٹیسٹ میچ دیکھنے دبئی جا رہے ہیں جہاں انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے سربراہ سے ان کی ملاقات ہو گی اور انہیں بھی بھارت میں روا رکھے جانے والے سلوک بارے آگاہ کیا جائے گا جبکہ آئی سی سی کو خط دبئی سے واپسی کے بعد لکھا جائے گا۔ چیئرمین پی سی بی نے یاور سعید کی کرکٹ میں خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر کی دعا کی۔