Wednesday, April 24, 2024

آٹے کے نرخ مقرر ہونے کا ریلیف عوام کو نہ مل سکا، روٹی اور نان کی قیمتوں میں اضافہ

آٹے کے نرخ مقرر ہونے کا ریلیف عوام کو نہ مل سکا، روٹی اور نان کی قیمتوں میں اضافہ
July 5, 2020
لاہور (92 نیوز) آٹھ سو پچاس روپے میں بیس کلو آٹے کا تھیلا عوام کی پہنچ سے دور ہوگیا، حکومتی نرخ مقرر ہوئے تین روز گزر گئے مگر عوام کو ریلیف نا مل سکا، مارکیٹ میں بیس کلو آٹے کا تھیلا ایک ہزار پچاس میں ملنے لگا، جس کے بعد نان بائی ایسوسی ایشن نے روٹی اور نان کی قیمتوں میں بھی اضافہ کر دیا۔ شہر لاہور میں اب سو گرام کی روٹی آٹھ جبکہ ایک سو بیس گرام والا نان پندرہ روپے میں ملے گا، تنور مالکان کہتے ہیں آٹا مہنگا ملتا ہے اس لئے قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑا۔ پنجاب فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالرؤف مختار کا کہنا ہے کہ حکومت جب تک مطالبات تسلیم نہیں کرتی سبسڈائز گندم نہیں اٹھائیں گے۔ مہنگائی کے ستائے عوام کا کہنا ہے کہ حکومت نے سستی روٹی اور آٹا بھی عوام کی پہنچ سے دور کر دیا ہے۔ پنجاب کابینہ نے گزشتہ اجلاس میں بیس کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت آٹھ سو پچاس روپے مقرر کی تھی، لیکن تاحال اس پر عملدرآمد نہیں ہو سکا۔