Thursday, April 25, 2024

آٹے کی قیمتیں بڑھنے کے بعد نان اور روٹی کی قیمتوں میں اضافہ

آٹے کی قیمتیں بڑھنے کے بعد نان اور روٹی کی قیمتوں میں اضافہ
June 5, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) غریب عوام پر مہنگائی کا ایک اور بم گرا دیا گیا، آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے بعد نان اور روٹی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا، دس جون سے سادہ روٹی 10 روپے کی جبکہ سادہ نان 15 روپے کا ملے گا، ادھر ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعداد وشمار جاری کر دئیے۔ ایک طرف کورونا ایمرجنسی نے غریب عوام کا جینا دوبھر کررکھا ہے تو دوسری طرف مزدور اور دیہاڑی دارطبقے کے منہ سے روٹی کا نوالہ چھیننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن نے نان اور روٹی کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کر دیا ہے، آٹے کی بوری میں 800 اور فائن میدے کی بوری میں 1000 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ ادارہ شماریات ڈویژن کے مطابق رواں ہفتے 15 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ  12 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی اور  24 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا، مہنگائی کی شرح میں حالیہ ہفتے میں 0.42 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ پیاز 10.18 فیصد، ٹماٹر 7.25 فیصد، لہسن 3.02 فیصد سستا ہوا، آلو کی قیمت میں 2.77 فیصد کمی، کیلے 1.74 فیصد، دال مونگ 0.61 فیصد سستی ہوئی، دال ماش، چینی، دال مسور کی قیمتیں بھی کم رہیں۔ پٹرولیم مصنوعات اور ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی ہوئی، جبکہ انڈے، مصالحہ جات، آٹا، مرغی کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، چاول، گڑ، انرجی سیور اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔