Friday, April 26, 2024

آٹے، سبزیوں، پھلوں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان پر

آٹے، سبزیوں، پھلوں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان پر
October 14, 2020
لاہور (92 نیوز) مہنگائی، مہنگائی اور مہنگائی، ملک بھر میں آٹے، سبزیوں، پھلوں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں۔ عوام دہائیاں دینے لگے۔ گوشت تو گوشت، منافع خوروں نے عوام سے دال، روٹی بھی چھین لی، ملک بھر میں مہنگائی نے عوام کا جینا محال کردیا۔ شہریوں کا صوبائی حکومتوں سے اشیائے خورونوش کی قیمتیں کنٹرول کرنے کا مطالبہ کردیا۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں انڈے اور سبزیوں کی قیمتوں نے شہریوں کے ہوش اڑا دئیے، شہری میں آٹا بھی نایاب ہوگیا، عوام طویل قطاروں میں لگ کر مہنگے داموں آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔ سرگودھا میں دکانداروں کی من مانیاں جاری ہیں، 20 کلو آٹے کا تھیلا 1100 روپے میں فروخت ہونے لگا۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس غائب ہوگئے۔ ملتان میں بھی گراں فروشی عروج پر پہنچ گئی، اشیائے خورونوش مہنگے داموں فروخت کی جارہی ہیں، ضلعی انتظامیہ کی کارروائیاں بھی ناکام ہوگئیں۔ کراچی میں اشیائے ضروریہ میں سے کوئی بھی مقررہ قیمت پر دستیاب نہیں، دالیں، چاول، انڈے  سب مہنگا کردیا گیا، شہری کہتے ہیں سندھ حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر دفتر سے نکلنے کو تیار نہیں۔ حیدرآباد میں بھی مہنگائی آسمان سے باتیں کرنے لگی، اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ہوگیا، سکھر میں بھی آٹا 65 سے 70 روپے فی کلو میں فروخت کیا جانے لگا، ٹماٹر کی قیمت 200 روپے کلو تک پہنچ گئی۔