Friday, May 3, 2024

آٹھ ہفتے بعد پہلی بار چینی سستی ہوگئی،مہنگائی میں 0.14 فیصد کمی ریکارڈ

آٹھ ہفتے بعد پہلی بار چینی سستی ہوگئی،مہنگائی میں 0.14 فیصد کمی ریکارڈ
August 29, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز)  آٹھ ہفتے بعد پہلی بار چینی سستی ہوگئی، ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق مہنگائی میں 0.14 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔ آٹا ،برائلر زندہ مرغی ، ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر ، تازہ دودھ ، انڈے بھی سستے جبکہ ٹماٹر ، پیاز ، آلو، دال مسور، دال چنا، دال مونگ اور دال ماش مہنگی ہوگئی۔

ادارہ شماریات نے مہنگائی کے حوالے سے ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق 11 اشیا کی قیمتوں میں کمی جبکہ12 کی قیمتوں میں اضافہ ہوا  اور 28اشیا کی قیمتوں میں استحکام دیکھنے میں آیا۔

آٹے کی قیمت بھی کم ہوئی حالیہ ہفتے میں آ ٹے کا20 کلو کا تھیلا 4 روپے سستا ہوا  ، ٹماٹر 3 روپے اور پیاز 2 روپے فی کلو مہنگا ہوا ۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق برائلر زندہ مرغی 9 روپے فی کلو اور ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 23 روپے سستا ہوا، لہسن، دہی، تازہ دودھ اور انڈے بھی سستے ہوئے ، ادارہ شماریات کے مطابق جن12اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ، ان میں ٹماٹر ، پیاز، دال مسور ، ٹوٹا چاول ،آلو ، دال چنا، دال مونگ، کوکنگ آئل، ڈالڈ ا، خشک دودھ ،بڑا گوشت شامل ہیں  ۔ جن11اشیا کی قیمتوں میں کمی ہوئی ،ان میں مرغی ، ایل پی جی سلنڈر، کیلا، چینی، لہسن، آ ٹا، انڈے ، گھی ڈالڈا ،حبیب گھی ، دہی اورتازہ دودھ شامل ہے۔