Sunday, September 8, 2024

آٹھ منٹ میں چاروں دہشتگرد مار دیے گئے ، ڈی جی رینجرز سندھ

آٹھ منٹ میں چاروں دہشتگرد مار دیے گئے ، ڈی جی رینجرز سندھ
June 29, 2020

کراچی ( 92 نیوز) ڈی جی رینجرز سندھ اور کراچی پولیس چیف نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے  بتایا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملہ کرنے والے چاروں دہشتگردوں کو صرف 8 منٹ میں مار دیا گیا۔

ڈی جی رینجرز سندھ نے بتایا کہ دہشتگرد پاکستان اسٹاک مارکیٹ کی بلڈنگ میں داخل نہیں  ہوپائے ، چار دہشتگردوں کو رینجرز ، پولیس اور سکیورٹی اہلکاروں نے مارا ، دہشتگرد اس عزم کے ساتھ آئے تھے کہ وہ اندر گھس کر عملے کو یرغمال بنائیں گے  اور زیادہ نقصان پہنچائیں گے ، دہشتگردوں کو انکے اہداف حاصل نہیں کرنے دیے گئے ۔

ڈی جی رینجرز  نے بتایا کہ آج دس بجکر دو منٹ پر ایک گاڑی جس میں چار دہشتگرد آئے نے اندر جانے کی کوشش کی  دس  بج کر دس منٹ پر  وقوعہ کا اختتام ہو گیا  ، سکیورٹی اہلکاروں نے دو دہشتگردوں کو پہلی انٹرس پر ہی مار گرایا  ، اللہ کا شکر ہے دہشتگرد اپنے کسی بھی ہدف میں کامیاب نہیں ہو سکے ۔

انہوں نے کہا کہ   تمام سکیورٹی ایجنسز اور ادارے سر گرم ہیں ، جلد مزید تحقیقات مکمل کر لیں گے  ، سکیورٹی اداروں نے  دہشتگردوں کیخلاف جو ایکشن کیا ہے اس سے  دہشتگردوں کی کام کرنے کی اسپیس کم ہوچکی ہے، ہمیں ادراک ہے کہ ملک دشمن ایجنسیز  چاہتی ہیں بچے کچے  دہشتگردوں کو آپس میں جوڑا جائے ، اس واقعہ  کو بیرونی عناصر سے جوڑنا غلط نہیں ہوگا،بھارتی ایجنسی ’’را‘‘ کی فرسٹریشن آپ کے سامنے ہے۔

کراچی پولیس چیف ڈاکٹر جمیل نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال کے عرصہ میں بہت سے دہشتگردوں کو پکڑ چکے ہیں ،بہتر رسپانس  کی وجہ سے دہشتگرد ہمارا نقصان نہیں کرسکے۔