Saturday, May 18, 2024

آٹھ دہشت گردوں نے بھارتی فوج کو تگنی کا ناچ نچا دیا‘ پٹھان کوٹ ایئربیس تاحال کلیئر نہ ہو سکی

آٹھ دہشت گردوں نے بھارتی فوج کو تگنی کا ناچ نچا دیا‘ پٹھان کوٹ ایئربیس تاحال کلیئر نہ ہو سکی
January 5, 2016
نئی دہلی (ویب ڈیسک) پٹھان کوٹ ائیربیس حملے کا آج چوتھا روز ہے مگر علاقائی تھانیدار بھارت ائیربیس کو کلیئرنہ کراسکا۔ گنتی کے چند دہشت گردوں نے بھارتی فورسز کو ناکوں چنے چبوا دیے۔ بھارتی عسکری ماہرین نے فوج اور سکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگا دیے جبکہ بھارتی میڈیا پاک بھارت مذاکرات کے پیچھے پڑ گیا۔ وزیرخزانہ ارون جیٹلی کا کہنا ہے کہ آپریشن مکمل کر لیں پھر پاکستان سے مذاکرات کے بارے میں سوچیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پٹھان کوٹ ایئربیس پر دہشت گردوں کے حملے نے بھارتی سکیورٹی فورسز کی نااہلی کا پول کھول دیا۔ پٹھان کوٹ ایئربیس ہفتہ کی صبح تین بجے سے دہشت گردوں اور بھارتی سکیورٹی فورسزکے درمیان میدان جنگ بنی ہوئی ہے۔ چندحملہ آوروں نے خطے کے تھانیدار بننے کے خواہش مند بھارت کو ناکوں چنے چبوا دیے ہیں۔ مٹھی بھر شرپسند عناصر کے سامنے بھارتی فورسز کی بے بسی نے بھارتی سکیورٹی اداروں کی صلاحیت پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔ بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کے سابق سربراہ اے ایس دلت نے متعلقہ حکام سے سوال کیاہے کہ دہشت گرد ڈھیر سارے ہتھیاروں کے ساتھ ایئربیس میں کیسے داخل ہو گئے۔ دلت نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ حملہ آوروں کی علاقے میں موجودگی کے وقت سکیورٹی ادارے کہاں تھے۔ سابق ایئروائس مارشل کپل کاک کا کہنا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ حملوں میں پاکستانی فوج ملوث نہیں ہو سکتی۔ ادھربھارتی میڈیا ایک بار پھر پاک بھارت امن مذاکرات کے پیچھے پڑ گیا۔ بھارتی میڈیا نے پٹھان کوٹ حملے کو جواز بنا کر مذاکرات کے خلاف پروپیگنڈا شروع کر دیا ہے۔ پاک بھارت خارجہ سیکرٹریوں کے مذاکرات چودہ اور پندرہ جنوری کو ہونا ہیں۔ مبصرین کہتے ہیں کہ ایئربیس پر حملہ امن کی مخالف بھارتی فوج کی سازش ہے جو مذاکرات نہیں چاہتی۔