Thursday, March 28, 2024

آٹھ ارب کی مشکوک ٹرانزیکشن، آصف علی زرداری کی عدم حاضری پر فردجرم کی کارروائی موخر

آٹھ ارب کی مشکوک ٹرانزیکشن، آصف علی زرداری کی عدم حاضری پر فردجرم کی کارروائی موخر
September 29, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) آٹھ ارب کی مشکوک ٹرانزیکشن کے نیب ریفرنس میں سابق صدر آصف علی زرداری کی عدم حاضری پر فردجرم کی کارروائی موخر کر دی گئی۔

احتساب عدالت اسلام آباد میں سابق صدر آصف زرداری کے خلاف آٹھ ارب کی مشکوک ٹرانزیکشن کے نیب ریفرنس پر سماعت ہوئی ۔ سابق صدر آصف زرداری عدالت پیش نہ ہوئے ۔ وکیل فاروق نائیک، نیب پراسیکیوٹر وسیم جاوید عدالت میں پیش ہوئے ۔ سابق صدر کی جانب سے عدالت میں ویڈیو لنک پر فرد جرم عائد کرنے سے متعلق درخواست دائر کی گئی ۔

درخواستگزار کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے عدالت میں میں مؤقف اختیار کیا کہ طبی وجوہات کے باعث آصف زرداری عدالت پیش نہیں ہو سکتے ۔ استدعا کی گئی کہ احتساب عدالت ویڈیو لنک کے ذریعے فرد جرم عائد کرے۔

عدالت کے استفسار پر فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ کل مشکل ہو جائے گی کیونکہ بیماری ہے، جو تاریخ دیں گے پیش ہو جائیں گے ۔

احتساب عدالت نے ویڈیو لنک پر فرد جرم عائد کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔ احتساب عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آصف زرداری آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہوں ، پیش نہ ہوئے تو وارنٹ جاری کریں گے ۔

عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے فرد جرم کیلئے 14 اکتوبر کی تاریخ مقرر کر دی۔