Wednesday, May 8, 2024

آٹا بحران کے پیچھے 204 فلور ملز کا ہاتھ تھا ، محکمہ خوراک پنجاب کی رپورٹ

آٹا بحران کے پیچھے 204 فلور ملز کا ہاتھ تھا ، محکمہ خوراک پنجاب کی رپورٹ
January 30, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) آٹا بحران سے متعلق محکمہ خوراک پنجاب کی رپورٹ میں ہوشربا انکشافات کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق آٹا بحران کے پیچھے 204 فلور ملز کا ہاتھ تھا۔ محکمہ خوراک کے ذرائع کے مطابق پنجاب میں گندم اور آٹے کا بحران پیدا کرنے اور قیمتوں میں اضافہ کرنے والی دو سو چار فلور ملیں ملوث پائی گئیں۔ پنجاب کے نو ڈویژنز میں قائم ایک ماہ اور پچیس دن کے دوران اٹھائیس ملوں کے لائنس معطل کئے گئے جبکہ ایک سو چھہتر ملوں کا کوٹہ معطل کیا گیا۔ محکمہ خوراک کے ذرائع نے بتایا کہ آٹا اسکینڈل میں ملوث فلور ملوں کو پانچ کروڑ باسٹھ لاکھ روپے سے زائد جرمانہ کیا گیا۔ آٹا بحران میں ملوث فلور ملز میں سے سب سےزیادہ چودہ کا تعلق لاہور ڈویژن سے ہے۔ دوسرے نمبر پر راولپنڈی کی آٹھ فلور ملز کے خلاف لائسنس معطلی کی کارروائی کی گئی۔ وزیراعظم کے نوٹس لینے کے بعد پنجاب حکومت نے جدید ٹیکنالوجی سے بھی فلور ملوں اور آٹے کی نگرانی کا منصوبہ بنا لیا۔ محکمہ خوراک پنجاب نے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے اشتراک سے فلور لیجر مینجمنٹ سسٹم سافٹ ویئر تیار کرکے لاہور میں عملی طور پر شروع کر دیا۔ جدید سافٹ ویئر سے فلور ملوں کو گندم کی فراہمی، آٹے کی تیاری اور مارکیٹ میں بھیجے گئے آٹے کی مقدار کو مانیٹر کیا جا سکے گا۔ ذرائع کے مطابق آٹا و گندم اسکینڈل میں بیشتر افراد کا تعلق با اثر سیاسی و حکومتی شخصیات کے ساتھ بھی ہے۔ بحران میں ملوث حکومتی شخصیات کی تصدیق کے لئے وزیراعظم نے ڈی جی ایف آئی اے کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی۔