Sunday, May 12, 2024

آٹا بحران منفی پراپیگنڈہ، پنجاب میں دستیاب ہے، فردوس عاشق

آٹا بحران منفی پراپیگنڈہ، پنجاب میں  دستیاب ہے، فردوس عاشق
January 19, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے آٹا بحران کو منفی پراپیگنڈہ قرار دےدیا، کہتی ہیں پنجاب میں آٹا دستیاب ہے، سندھ حکومت کی کوتاہی سے وہاں ایسے حالات پیدا ہوئے۔ معاون خصوصی کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ کل وزیراعظم کی ہدایت وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات ہوئی، آٹے کی قیمتوں کے حوالے سے منفی پراپیگنڈا چل رہا ہے،منفی پراپیگنڈے کی روک تھام بہت ضروری ہے۔ پنجاب میں فلور ملز میں آٹا805 روپے میں فروخت ہورہا ہے، آٹے کو زائد قیمت پر فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ آٹا مہنگا فروخت کرنے والوں کا سد باب ضروری ہے، 805 روپے سے زائد آٹا فروخت ہونے پر عوام ہیلپ لائن پر رابطہ کریں۔ پنجاب حکومت آٹے کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے، آٹے کی فروخت کیلئے 368 سیل پوائنٹس بنائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے گندم کی بروقت خریداری نہیں کی، جس کی وجہ سے یہ حالات پیدا ہوئے، سندھ میں صوبائی کی کوتاہی کے باعث گندم کے اسٹاک میں کمی ہوئی۔ سندھ میں فلور ملز تک گندم کا اسٹاک پہنچایا جائے تاکہ قیمتیں نیچے آسکیں۔ سندھ حکومت صوبے میں گندم کی سپلائی کے عمل کو تیز کرے، وزیر اعظم نے 4 لاکھ ٹن گندم سندھ حکومت کی فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ سندھ حکومت اسٹاک میں سے ایک لاکھ گندم اٹھا چکی ہے۔ فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا سیاسی یتیموں کا ایک ٹولہ تاثر دے رہا ہے حکومت میعاد پوری نہیں کرے گی، سیاسی یتیم سن لیں حکومت اتحادیوں کے ساتھ مل کر 5 سال پورے کرے گی۔ ایم کیو ایم اور دیگر اتحادیوں سے بات چیت مثبت انداز میں آگے بڑھ رہی ہے، جلد خوشخبری دیں گے، کراچی پیکیج پر عملدرآمد کا آغاز ہوچکا ہے۔ معاون خصوصی مزید بولیں کہ بزدارمحنتی، ملنسار اور درویش صفت انسان ہے، ہم اس حکومت کے عادی نہیں ہیں، وزیراعلیٰ عثمان بزدار اپنی مدت پوری کریں گے۔ وہ ایک کردار ہیں، اس سے پہلے اداکار تھے۔