Friday, May 17, 2024

آؤٹ اسٹینڈنگ 100کی فہرست میں 8پاکستانی نرسز اور مڈ وائیوز شامل

آؤٹ اسٹینڈنگ 100کی فہرست میں 8پاکستانی نرسز اور مڈ وائیوز شامل
December 31, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) آٹھ پاکستانی نرسز اور مڈ وائیوز نےپاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کردیا، دنیا کی 100 آؤٹ اسٹینڈنگ نرسز اور مڈ وائیوز کی فہرست میں پاکستان سے 8 شامل ہیں ۔ان سب ہی نے اپنی فیلڈ میں بہترین فرائض انجام دیئےاور دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا ۔

گلوبل 2020 میں ہنڈرڈ آؤٹ اسٹینڈنگ ویمن نرسز اینڈ مڈ وائیوز کی فہرست میں شامل کر لیا گیا ، یہ نرسیں اور مڈ وائیوز نجی یونیورسٹی اسکول آف نرسنگ اینڈ مڈوائفری سےبطوراساتذہ منسلک ہیں یا وہاں سے فارغ التحصیل طالبات ہیں۔

اسکول آف نرسنگ کی ڈین ڈاکٹر روزینہ کرملیانی کو ’’بورڈ اینڈ مینیجمنٹ‘‘ کیٹیگری کے تحت اعزاز دیا گیا،
یاسمین پارپیو او ثمینہ ورتیجی کو  ’’کمیونٹی ہیرو‘‘ کیٹیگری کے تحت مقامی آبادی کی صحت اور نرسنگ خدمات کے اعتراف میں اعزازات دیے گئے۔

صائمہ سچوانی کو ’’ہیومن کیپیٹل ڈیویلپمنٹ‘‘  کیٹگری کے تحت موثر نصاب کی تیاری و تشکیل کے سلسلے میں دی جانے خدمات کے اعتراف میں اعزاز دیا گیا۔
مڈوائف مرینہ بیگ کو ’’انوویٹیو، سائنس اینڈ ہیلتھ ‘‘ کیٹگری کے تحت موبائل ہیلتھ ٹیکنالوجی کو ماؤں کی صحت میں بہتری کے لیے استعمال کرنے کی کاوشوں کے اعتراف میں اعزاز دیا گیا۔

فارغ التحصیل تین طالبات کو بھی ’’کمیونٹی ہیرو‘‘ کیٹگری کے تحت اعزازات دیئے گئے۔ شیلا ہیرانی کو  کووڈ 19 عالمی وبا کے دوران ماں کے دودھ کی اہمیت کو اجاگر کرنے اور اس کے فروغ، تحفظ اور معاونت کی سرگرمیوں پر ، نیلم پنجانی کو جنسی اور تولیدی صحت اور حقوق کے حوالے سے بہتری اور معاونت  پر اور صدف سلیم کو معمر افراد کی نرسنگ کے سلسلے میں خدمات کے حوالے سے اعزازات دیئے گئے۔

اعزاز پانےوالی نرسز اور مڈ وائیوز کاکہناہےکہ یہ ہم سب کےلئے فخر کی بات ہے کہ صحت عامہ اور نرسنگ کے بین الاقوامی ادارے کی جانب سے خدمات کا اعتراف کیا گیا ہے۔ یہ سال صحت عامہ سے منسلک تمام افراد اور اداروں کے لیے خصوصاً مشکلات اور چیلنجز کا حامل تھا اور کووڈ 19 کے خلاف جنگ میں سبھی نے اپنے اپنے کردار کو بحسن و خوبی نبھانے کے عہد کو پورا کیا ہے۔