Wednesday, May 8, 2024

آوارہ کتوں کی نسی بندی کا پراجیکٹ شروع

آوارہ کتوں کی نسی بندی کا پراجیکٹ شروع
January 29, 2020
پشاور ( 92 نیوز) پشاور میں آوارہ  کتوں کو مارنے کی بجائے نس بندی کے ذریعے ان کی افزائش روکنے کا منفرد پراجیکٹ شروع کردیا گیا ہے ، آوارہ کتوں کو پکڑ کر آپریشن تھیٹر لایا جاتا ہے جہاں مختصر دورانیے کا آپریشن کر کے چھوڑ دیا جاتا ہے، منصوبے کے تحت انسانوں کے تحفظ کے ساتھ ساتھ کتوں کے حقوق اورتحفظ کا بھی خیال رکھا گیا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق پشاور میں آوارہ  کتوں کی تعداد سات ہزار کو پہنچ چکی ہے ، ان کتوں کی افزائش نسل کو روکنے کےلئے پشاور میں اپنی نوعیت کا منفرد منصوبہ شروع کردیا گیا۔ ڈبلیو ایس ایس پی اور پی ڈی اے کے اہلکار شہر کے مختلف علاقوں سے آوارہ کتے پکڑتے ہیں ،  محکمہ لائیواسٹاک پشاور میں قائم جدید ترین آپریشن تھیٹر میں ان کتوں کی نس بندی کا مختصر دورانیہ کا آپریشن کردیا جاتا ہے۔ آپریشن کے بعد کتوں کو اینٹی ریبیز انجکشن لگائے جاتے ہیں، ڈاکٹرمعصوم کہتے ہیں اب تک وہ تیس آوارہ کتوں کی سرجری کرچکے ہیں۔ سرجری کے عمل سے گزرنے والے کتے کے کان پرنمبرلگایا جاتا ہے ، ایسے کتوں کی پہچان اور انہیں حادثات سے بچانے کےلئے ان کے گلے میں خاص چمکدار پٹہ ڈالا جاتا ہے۔ محکمہ لائیو اسٹاک کے ضلعی ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ آوارہ کتوں کی افزائش روکنے کےلئے مزید آپریشن تھیٹربنائے جائیں گےجن کےلئے عملے کی تربیت شروع کردی گئی ہے۔   آوارہ کتوں کی نس بندی کا یہ جنوبی ایشیاء میں اپنی نوعیت کا پہلا تجربہ ہے جس سے آورہ کتوں کی افزائش رک جائے گی بلکہ شہریوں کو بھی کتوں کے کاٹنے کے واقعات سے بچایا جا سکے گا۔