Thursday, March 28, 2024

آنیوالے دنوں میں مہنگائی کا مسئلہ حل ہوجائیگا، شبلی فراز

آنیوالے دنوں میں مہنگائی کا مسئلہ حل ہوجائیگا، شبلی فراز
October 13, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کہتے ہیں کہ آنے والے دنوں میں مہنگائی کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔ ہمارے گندم کے ذخائر اس وقت پورے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کنٹرول کرنے کے لیے منظم طریقہ کار اختیار کرنے جارہے ہیں۔ کہا کہ نئے ذخائر آنے سے ہمارے پاس اضافی گندم موجود ہوگی۔ خیبر پختونخوا میں بارشوں کی وجہ سے گندم کی پیداوار میں کمی آئی تھی۔ سندھ نے آٹے کی مسلسل شارٹیج رکھی، یہ اچھی خبر ہے سندھ گندم ریلیز کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں فائن آٹا زیادہ استعمال ہوتا ہے اس لیے اس کی قیمت بھی زیادہ ہوتی ہے، پنجاب میں 900 جبکہ سندھ میں 1400 روپے میں 20 کلو کا تھیلا فروخت ہورہا تھا۔ سندھ نے جو طریقہ کار اختیار کیا وہ سیاسی بدنیتی کی بنیاد پر کیا، جان بوجھ کر گندم کی ریلیز روکے رکھی جس سے ان کی عوام کو بھی تکلیف پہنچی اور ملک پر اس کے اثرات آئے۔ شبلی فراز نے کہا کہ روزویلٹ کو بیچنے کے حوالے سے غلط خبریں میڈیا میں چل رہی ہیں، ہم نے روزویلٹ پر چڑھا ہوا قرضہ ادا کردیا ہے اور اس کی مکمل اونرشپ لے لی ہے۔ کورونا کی وجہ سے روزویلٹ کو پہنچنے والا نقصان قدرتی امر تھا۔ اب روزویلٹ ہوٹل مکمل طور پر پاکستانی حکومت کی ملکیت اور قومی اثاثہ ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ماضی میں ہر جگہ کیمپ آفسز کھلے ہوئے تھے، جو وزیر جس علاقے سے تھا اس نے وہاں کیمپ آفس کھول لیا تھا، شہبازشریف کے ایک کیمپ آفس میں 2752 پولیس اہلکار تعینات تھے۔ عمران خان نے ہدایت کی کہ ایک وزیرصرف ایک کیمپ آفس کھول سکتا ہے۔ ایک کیمپ آفس کے اخراجات کو بھی محدود رکھا جائے گا۔ وفاقی وزیر بولے کہ اپوزیشن جماعتوں کے اکٹھ سے ہمیں کوئی فکر نہیں،  ہم نے تو کابینہ کے اجلاس میں جلسوں پر بات بھی نہیں کی۔ اپوزیشن کے رہنماؤں پر سنجیدہ کیسز ہیں، ملک کورونا جیسی آفت سے باہر نکل رہا تھا، ہماری معیشت بہتر ہورہی ہے، روزگار کے مواقع پیدا ہورہے ہیں، اِن حالات میں اپوزیشن کو جلسے اور احتجاج کرنے کی سوجھ رہی ہے۔ مولانا فضل الرحمان کا بیٹا منتخب ہوگیا ہے تو ٹھیک، مولانا خود منتخب نہ ہوسکے تو غلط ہے۔ اپوزیشن کے جو کرتوت ہیں اس حساب سے تو انہیں زیادہ سیٹیں مل گئی ہیں۔ یہ مولانا فضل الرحمان کو استعمال کررہے ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف نے اپنی اولاد کو لندن میں بٹھا کر رکھا ہوا ہے اور دوسری ماؤں کے بچوں سے کہتا ہے کہ سڑکوں پر آؤ، یہ سراسر منافقت ہے۔ شاہ محمود قریشی کے ساتھ مل کر کل مہنگائی کے حوالے سے پریس کانفرنس کروں گا۔ ٹائیگرفورس کے پاس کوئی اختیار نہیں ہوگا، صرف ان کے پاس ایک کارڈ ہوگا، مارکیٹ میں اشیاء کی قیمتوں کے حوالے سے معلومات کے لیے رضاکار کام کریں گے۔