Wednesday, April 24, 2024

آن لائن ٹیکسی سروس کریم کے صارفین کا ڈیٹا چوری

آن لائن ٹیکسی سروس کریم کے صارفین کا ڈیٹا چوری
April 23, 2018
دبئی ( 92 نیوز ) آن لائن ٹیکسی سروس کریم استعمال کرنے والے صارفین ہوشیار اور خبردار ہو جائیں ،کریم کے ایک کروڑ 40لاکھ صارفین کا ڈیٹا چوری ہو چکا ہے ۔ آن لائن ٹیکسی سروس استعمال کرنےوالے خبردارہوجائیں اور جلدی سے اپنے پاسورڈز بدل لیں کیونکہ دبئی سے تعلق رکھنے والی بین الاقوامی آن لائن ٹیکسی سروس کریم پر سائبر حملہ ہوگیاہے۔ کمپنی کی ویب سائٹ پر شائع ہونےوالے بلاگ میں بتایا گیا ہے کہ رواں برس 14جنوری کو ہیکرز نے ان کےسٹمز تک رسائی حاصل کرلی اورایک کروڑ 40 لاکھ افرادکے نام، ای میل ایڈریس، فون نمبرز اور سفر کی تفصیلات چوری کر لی گئیں جبکہ اس کے بعد رجسٹرڈ ہونےوالوں کا ڈیٹا محفوظ ہے۔ کریم ویب سائٹ کےمطابق انتظامیہ نےاس معاملے میں کوئی فراڈ یا غلط استعمال نہیں دیکھا ، حملے کا پتہ چلتا ہی سکیورٹی  مزید بہتر کرنے کی کوشش کی اور قانون نافذ کرنےوالےاداروں کوآگاہ کیا۔ کمپنی نے صارفین کو فوری طور پر اپنے پاسورڈز بدلنے کی بھی ہدایت کی ہے۔