Friday, May 17, 2024

آمدن سے زائد اثاثے کا کیس ، علیم خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 13 مئی تک توسیع

آمدن سے زائد اثاثے کا کیس ، علیم خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 13 مئی تک توسیع
April 30, 2019
 لاہور (92 نیوز) آمدن سے زائد اثاثے اور آف شور کمپنی کیس میں احتساب عدالت  نے علیم خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 13 مئی تک توسیع کر دی۔ آمدن سے زائد اثاثہ جات اور آف شور کمپنی بنانے کے الزام میں گرفتار عبدالعلیم خان کی احتساب عدالت پیشی ہوئی۔ دوران سماعت عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا بندہ جیل میں ہے بتائیں حتمی رپورٹ کب جمع کروائیں گے؟ نیب پراسیکیوٹر نے مؤقف اختیار کیا کیس کے بہت سے ملزم بیرون ملک ہیں اس لئے تفتیش تاخیر کا شکار ہے۔ ابھی حتمی رپورٹ تیار ہو رہی ہے جلد عدالت میں پیش کر دی جائے گی، جبکہ تفتیش مکمل ہونے کے بعد ریفرنس بھی دائر کر دیا جائے گا۔ عدالت نے نیب پراسیکیوٹر وارث علی جنجوعہ سے استفسار کیا ریفرنس کیوں فائل کیا جا رہا ہے؟نیب پراسیکیوٹر نے بتایا بہت سے ایسے لوگ بیرون ملک فرار ہو چکے ہیں جن سے تفتیش کرنا باقی ہے۔ عبدالعلیم خان کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا آج جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع ہی ہونی ہے۔ عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کیا جوڈیشل ریمانڈ کے لئے اتنے لوگوں کو بلانا ضروری ہے؟ وکیل نے بتایا ہم نہیں بلاتے لوگ خود آجاتے ہیں۔ عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ میں تیرہ روز کی توسیع کرتے ہوئے سماعت تیرہ مئی تک ملتوی کر دی۔