Friday, March 29, 2024

آمدن سے زائد اثاثے، خورشید شاہ کے جسمانی ریمانڈ میں 5 روز کی توسیع

آمدن سے زائد اثاثے، خورشید شاہ کے جسمانی ریمانڈ میں 5 روز کی توسیع
November 4, 2019
سکھر ( 92 نیوز) آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید شاہ کےجسمانی ریمانڈ میں  5 روزکی توسیع کر دی گئی ۔ آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام میں  سید خورشید شاہ نیب کی حراست میں ہیں ،آج جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر انہیں  احتساب عدالت پیش کیا جانا تھا مگر جج کے چھٹی پر ہونے کے باعث انہیں  سیشن جج سکھر شرف دین شاہ کی عدالت میں  پیش کیا گیا ۔ خورشید شاہ کو ایمبولینس کے ذریعے  سیشن کورٹ پہنچا دیا گیا ، خورشید شاہ کو وہیل چیئر پر بٹھا کر کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا۔ قبل ازیں نیب کی ٹیم نے خورشید شاہ کو ہمراہ لئے بغیر  سیشن جج سے  ان کے جسمانی ریمانڈ میں 15 روز توسیع کی درخواست کی تھی ، نیب کی جانب سے ملزم کی حالت ناساز ہونے کا عذر پیش کرتے ہوئے میڈیکل رپورٹس پیش کی گئی تھیں ۔ جج شرف دین شاہ نے  ملزم کی غیر موجودگی میں ریمانڈ دینے سے انکار کر دیا اور ملزم کو ایک گھنٹے میں پیش کرنے کا حکم دیا جس پر سید خورشید شاہ کو ایمبولینس کے ذریعے عدالت لایا گیا جہاں انہیں وہیل چیئر پر بٹھا کر  کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا۔ خورشید شاہ دل کی تین شریانیں بند ہونے کے باعث این آئی سی وی ڈی میں زیر علاج ہیں ۔