Monday, May 13, 2024

آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس ، حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع

آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس ، حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع
January 17, 2020
 لاہور (92 نیوز) احتساب عدالت لاہور نے رمضان شوگر ملز اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کر دی۔ احتساب عدالت لاہور میں شریف خاندان کے خلاف مقدمات کی سماعت ہوئی۔ عدالت میں آمدن سے زائداثاثہ جات، چودھری شوگر ملز ، رمضان شوگر ملز اور اثاثہ جات منجمند کرنے کی درخواستوں پر سماعتیں ہوئیں۔ چودھری شوگر ملز اسکینڈل میں یوسف عباس کو پیش کیا گیا۔ نواز شریف کے وکیل نے عدالت میں نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ جمع کروا دی۔ وکیل صفائی نے موقف اختیار کیا کہ نوازشریف کو دل کے عارضے کے علاوہ اور کئی امراض ہیں۔ عدالت کی جانب سے نیب پراسیکیوٹر سے ریفرنس کی بابت استفسار کیا گیا جس پر نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ریفرنس تیاری کے آخری مراحل میں ہے جسے جلد ہی دائر کر دیا گیا۔ عدالت نے چودھری شوگر ملز کیس کی مزید سماعت 31 جنوری تک ملتوی کر دی۔ رمضان شوگر ملز کیس میں عدالت نے شہباز شریف کی حاضری سے مستقل استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی۔عدالت نے حکم دیا کہ شہباز شریف کی جانب سے انکے پلیڈر پیش ہونگے۔ دوسری جانب آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کیس میں بھی شہباز شریف کی حاضری سے مستقل استثنیٰ کی درخوست منظور کر لی گئی۔ معززعدالت کیجانب سے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کے آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی کیس میں جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کر دی گئی۔