Thursday, May 9, 2024

حمزہ شہباز کی آمدن سے زائداثاثہ جات، منی لانڈرنگ کیس میں درخواست ضمانت مسترد

حمزہ شہباز کی آمدن سے زائداثاثہ جات، منی لانڈرنگ کیس میں درخواست ضمانت مسترد
February 11, 2020
لاہور (92 نیوز) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی رہائی میں حائل رکاوٹ ختم نہ ہوسکی، لاہور ہائیکورٹ نے حمزہ شہباز کی منی لانڈرنگ کے الزام میں درخواست ضمانت مسترد کر دی۔ لاہور ہائیکورٹ نے آمدن سے زائداثاثہ جات اورمنی لانڈرنگ کیس حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت مستردکردی، حمزہ شہباز کے وکیل سلمان اسلم بٹ نے دلائل میں کہا کہ چیئرمین نیب کے پاس منی لانڈرنگ کی چھان بین کا اختیار نہیں۔ وکیل نے نشاندہی کی کہ کہ انکم ٹیکس ریٹرن میں سب کچھ ظاہر کر دیا ہے انکم ٹیکس کے حوالے سے سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ موجود ہے، لارجر بنچ کے فیصلے کے تناظر میں حمزہ شہباز پر ان کا اطلاق نہیں ہوتا۔ دو رکنی بنچ نے حمزہ کے وکیل کو باور کرایا کہ اگر ان کا موقف مان لیا جائے تو منی لانڈرنگ کا قانون ہی ختم ہوجائے گا۔ نیب پراسیکیوٹر نے بے نامی ودیگر کمپنیوں کی ڈیڑھ ارب سے زائد کی ٹرانزیکشنز بارے بتایا، نیب کے وکیل کاکہنا تھاکہ حمزہ شہباز کی ہمشیرہ رابعہ نے بھی کروڑوں روپے ٹرانزیکشنز کیں۔ سلمان شہباز کے اکاؤنٹ میں ڈیڑھ ارب سے زیادہ کی ٹرانزکشنز ہوئیں، پچپن کروڑ رابعہ عمران کے اکاؤنٹ میں آیا اور ٹرانسفر ہوا،یہ پیسے گفٹ کی مد میں حمزہ شہباز کے اکاؤنٹ میں بھجوائے گئے۔ دوہزارمیں اس فیملی کے اثاثہ جات  چھ کروڑ،دوہزارتین میں تقریباً انیس کروڑ ہوگئے۔ دوہزار نو میں حمزہ شہباز کے اڑسٹھ کروڑ تک اثاثے پہنچ گئے، دوہزاراٹھارہ میں حمزہ شہباز کے اثاثے بڑھ کر چارسوستر ملین سے بھی زیادہ ہوگئے۔ لاہو ہائیکورٹ نے حمزہ شہباز کی رمضان شوگر ملز میں ضمانت منظور کی تھی لیکن منی لانڈرنگ کے الزام میں ضمانت مسترد ہونے سے ان کی جیل سے رہائی ممکن نہیں ہوسکی۔ حمزہ شہباز رہائی کیلئے اب سپریم کورٹ سے رجوع کرسکتے ہیں۔