Sunday, May 12, 2024

آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس ،اسحاق ڈار کا اشتہاری ملزم کا سٹیٹس برقرار

آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس ،اسحاق ڈار کا اشتہاری ملزم کا سٹیٹس برقرار
January 30, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں اسحاق ڈار کا اشتہاری ملزم کا سٹیٹس برقرار ہے ۔ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس پر سماعتاحتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سماعت کی شریک ملزمان بھی عدالت میں پیش،  استغاثہ کے اہم گواہ اور نجی بینک کے افسر آفتاب احمد نے بینک ریکارڈ عدالت میں پیش کردیا  جسے ریکارڈ کا حصہ بنا دیا گیا۔ عدالت نے اسحاق ڈار کے شریک ملزم سعید احمد کی بریت کی درخواست پر دوبارہ دلائل کی فریقین کی استدعا منظور کرلی ، سعید احمد کے وکیل اور پراسیکوٹر نیب سے دلائل طلب کرلیے جبکہ عدالت کی جانب سے اسحاق ڈار کا اشتہاری ملزم کا اسٹیٹس برقرار رکھا گیا۔ اس سے قبل ملزم کی جائیداد نیلامی بارے نیب کی درخواست پر  نیلامی کا اختیار صوبائی حکومت کو دے چکی ہے ۔ فیصلے کے مطابق اسحاق ڈار کے تمام بنک اکاونٹس سے پیسے نکوالنے کا حکم بھی صوبائی حکومت کے حوالے کر دیا گیا۔صوبائی حکومت کو اسحاق ڈار کی تمام گاڑیاں بھی قبضے میں لینے کا حکم دیا گیا تھا۔ اسحاق ڈار کا گلبرک لاہور میں ایک گھر اور چار پلاٹ بھی حکومت کو قبضے میں لینےکا حکم دیا گیا تھا ۔ عدالت نے کہا تھا کہ حکومت چاہے تو گھر نیلام کرسکتی ہے۔ نیب نے اسحاق ڈار کی جائیداد کی نیلامی کی درخواست  دے رکھی تھی۔ نیب پراسیکیوٹر نے دلائل دئیے کہ سابق وزیر خزانہ کی جائیداد نیلامی کا عدالت کو پورا اختیار ہے۔ قبل ازیں سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جائیداد نیلامی کیلئے احتساب عدالت نے فہرست تیار کی ، گاڑیوں اور بنک اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی مرتب کیں۔