Tuesday, April 16, 2024

آمدن سے زائد اثاثوں کا کیس ، حمزہ شہباز کے جسمانی ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع

آمدن سے زائد اثاثوں کا کیس ، حمزہ شہباز کے جسمانی ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع
June 26, 2019
 لاہور (92 نیوز) آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں احتساب عدالت نے حمزہ شہباز کے جسمانی ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کر دی۔ رمضان شوگر ملز اور منی لانڈرنگ ریفرنس کیس کی احتساب عدالت میں سماعت ہوئی۔ احتساب عدالت کے جج جوادالحسن نے کیس پر سماعت کرتے ہوئے حمزہ شہباز کے جسمانی ریمانڈ میں 14 دن کی توسیع کر دی۔ نیب پراسکیوٹر کا دوران سماعت کہنا تھا کہ حمزہ شہباز نے آج تک انیس کروڑ کے سرمایہ کے ذرائع نہیں بتائے، انکے ویلتھ اسٹیمنٹ 2005 سے 2009 کا ریکارڈ موجود نہیں ۔ اب ان کے اثاثوں میں کئی گنا اضافہ ہوا جس کے ذرائع نہیں بتائے گئے ۔ نیب پراسکیوٹر نے کہا ملزم نے اس دوران 5 نئی کمپنیاں بنائیں جن میں مدنی ٹریڈنگ، مدینہ کنسٹرکشن، شریف پولڑی فامز، شریف ڈیری فارمز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ حمزہ شہباز کے بنک اکاؤنٹ میں 18 کروڑ امریکی ڈالر بھی منتقل ہوئے۔ اسمبلی اجلاس کے بعد حمزہ شہباز تفتیش میں بلکل تعاون نہیں کرے تھے۔ حمزہ شہباز کے وکیل کا کہنا تھا کہ جس دور میں کمپنیاں بنائی گئیں اس وقت حمزہ شہباز یا ان کا خاندان اقتدار میں نہیں تھا۔ میرے موکل نے اپنے تمام اثاثے 2008 سے گوشواروں میں ظاہر کیے اور جو کمپنیاں بنائی انکا تمام ریکارڈ ایس ای سی.پی کے پاس موجود ہے۔ عدالت نے دوران سماعت ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی انتظامات اور تاخیرکی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ آئندہ سماعت پر حمزہ شہباز کو پورے دس بجے پیش کیا جائے۔ احتساب عدالت نے لیگی رہنما کو 10جولائی کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ میڈیا گفتگو میں حمزہ شہباز کا کہنا تھا گیس قیمتوں میں 200 فیصد اضافہ خودکش دھماکے کی مانند ہے ، وہ وقت دور نہیں جب عوام حکمرانوں کے دروازوں پر ہونگے ۔ سب کو ملکر معیشت ٹھیک کرنا ہو گی۔