Friday, March 29, 2024

آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن نے تعلیمی اداروں بارے حکومتی فیصلہ مسترد کردیا

آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن نے تعلیمی اداروں بارے حکومتی فیصلہ مسترد کردیا
May 7, 2020
لاہور (92 نیوز) آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن نے تعلیمی ادارے 15 جولائی تک بند رکھنے کا حکومتی فیصلہ مسترد کردیا۔ آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن نے ملک میں تعلیمی ادارے 15 جولائی تک بند رکھنے، بورڈ امتحانات ختم اور نویں سے بارہویں جماعت تک کے طلبہ کو پرموٹ کرنے کا فیصلہ ماننے سے انکار کردیا ہےـ صدر آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن کاشف مرزا کہتے ہیں کہ نجی تعلیمی اداروں کا معاشی قتل عام کیا جارہا ہے۔ ٹیچرز کی تنخواہیں فکس اور ملک بھر میں 90 فیصد اسکول عمارتیں کرائے پر ہیں۔ وزیر اعظم پرائیویٹ سکولز کیلئے ’’تعلیمی ریلیف پیکیج ‘‘ کااعلان کریں۔ کاشف مرزا نے کہا کہ 15 جولائی تک تعلیمی اداروں کی بندش سے 50%تعلیمی ادارے مکمل بند اور 10 لاکھ لوگ بےروزگار ہوجائیں گے۔ کورونا وائرس سے جاری لاک ڈاؤن کے باعث تعلیمی نقصان کا ازالہ ناممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایس او پیز جاری کرے اور یکم جون سے ملک بھر میں تمام اسکولز ہر صورت کھولنے کااعلان کرے، اگر ایسا نہ ہوا تو اپنے ایس او پیز کے تحت اسکولز کھولنے پر مجبور ہونگے۔ اسکولز کی ٹائمنگ صبح 7 تا 11 اور سماجی فاصلے کو برقرار رکھ کے کلاسز جاری رکھی جا سکتی ہیں۔ صدر آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن کا کہنا تھا کہ بورڈ امتحانات منسوخ کرنے اور طلباء کا مستقبل برباد کرنےکی بجائے بورڈ امتحانات سماجی فاصلے کو برقرار رکھ کر تمام اضافی سرکاری و پرائیویٹ اساتذہ کی ڈیوٹیاں لگا کرسرکاری و پرائیویٹ سکولز وکالجزکو امتحانی سنٹرز بناکر منعقد کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت غیرآئینی اقدامات بند کرے۔ سندھ ہائی کورٹ کی طرف سے فیسوں بارے حکومت سندھ کے آرڈنینس اور نوٹیفکیشن کو آئین سے متصادم اور غیر قانونی قراردینا پرائیویٹ سکولز فیڈریشن کے اصولی موقف کی فتح ہے، فیسوں کے حوالے سے نوٹیفکیشن آئین کے آرٹیکل سےمتصادم، امتیازی اور غیر قانونی ہے۔