Friday, April 26, 2024

آل پاکستان بلوچستان ٹی ٹوینٹی ٹورنامنٹ 24 ستمبر سے شروع ہو گا

آل پاکستان بلوچستان ٹی ٹوینٹی ٹورنامنٹ 24 ستمبر سے شروع ہو گا
September 20, 2016
کوئٹہ (92نیوز) کوئٹہ میں عوام کی تفریح کے لیے آل پاکستان بلوچستان ٹی 20 ٹورنامنٹ 24 ستمبر سے شروع ہو گا جس میں ملک بھر سے 36 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں رواں سال سانحہ کوئٹہ سمیت دہشت گردی کے پے در پے واقعات نے عوام کو خوفزدہ کردیا۔ مایوسی اور اندھیروں کو مٹانے اورعوامی تفریح کے لیے بلوچستان حکومت اور ایف سی کے زیراہتمام آل پاکستان بلوچستان ٹی 20 ٹورنامنٹ کا آغاز 24 ستمبر کو افتتاحی تقریب سے ہو گا۔ اس حوالے سے ایف سی ہیڈ کوارٹر میں میڈیاکو بریفنگ میں بتایا گیا کہ افتتاحی اور اختتامی تقریبات میں عوامی دلچسپی کے لیے میوزیکل شو‘ آتش بازی کا مظاہرہ ہو گا۔ ان تقریبات میں جاوید میانداد‘ سرفراز‘ عامر سہیل اور ملک کے نامور کرکٹر بھی شریک ہوں گے۔ ٹورنامنٹ میں بلوچستان کی 21 جبکہ 15 ٹیموں کا تعلق دیگر صوبوں سے ہو گا۔ تین تین ٹیموں پر مشتمل 12 گروپوں کے مابین تقریباً 57 میچز کھیلے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ کے لیے تھیم سونگ بھی تشکیل دیا گیا ہے۔ شہر بھر میں عوام کی معلومات کے لیے پوسٹرز اور بینرز بھی لگائے گئے ہیں۔