Monday, September 16, 2024

آل پاکستان انجمن تاجران نے احتجاج کے شیڈول کا اعلان کر دیا

آل پاکستان انجمن تاجران نے احتجاج کے شیڈول کا اعلان کر دیا
August 30, 2015
لاہور (92نیوز) تاجروں نے ودہولڈنگ ٹیکس کو ریاستی بھتہ خوری کی مثل قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت اکتیس اگست تک یہ تاجر دشمن ٹیکس واپس لے ورنہ دمادم مست قلندر ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر خالد پرویز کی زیرصدارت سپریم کونسل کا اجلاس مقامی ہوٹل میں ہوا جس میں چاروں صوبوں کی تاجرقیادت نے شرکت کی۔ اجلاس میں تاجروں نے ودہولڈنگ ٹیکس کو مکمل طور پر مسترد کر دیا۔ خالد پرویزنے کہا کہ وفاقی وزیر اسحاق ڈار ان کے مطالبات تسلیم کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہے ہیں۔ تاجروں نے حکومت کو بہت مواقع دیئے لیکن ودہولڈنگ ٹیکس واپس نہیں لیا گیا۔ اب ان کے پاس احتجاج اور ہڑتال کے علاوہ کوئی چارہ نہیں رہا۔ خالد پرویز نے کہا کہ تاجر برادری متفقہ طور پر اعلان کرتی ہے کہ دو ستمبر کو ملک بھر میں یوم احتجاج منایا جائے گا۔ چار ستمبر کو ملک بھر میں تاجر بینکوں سے لین دین کا بائیکاٹ کریں گے جبکہ نو ستمبر کو ملک بھر میں شٹرڈاون ہڑتال کرتے ہوئے اپنا بھرپور احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہڑتال غیرمعینہ مدت کے لیے بھی ہو سکتی ہے جس کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہو گی۔