Sunday, September 8, 2024

آل شریف کے بچوں کو سیاست نہیں آداب سیکھنے کی ضرورت ہے : پی ٹی آئی

آل شریف کے بچوں کو سیاست نہیں آداب سیکھنے کی ضرورت ہے : پی ٹی آئی
March 10, 2016
اسلام آباد (92نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق نے کہا ہے کہ شریف برادران جان لیں پاکستانی قوم کسی صورت ان کی اولاد کی غلامی نہیں کرے گی۔ شریف خاندان کے گمنام ترجمان بتائیں کہ دنیا کے مختلف ممالک میں موجود دونوں بھائیوں کی بے شمار دولت کے ذرائع کیا ہیں؟ شریف خاندان بے سرو سامانی کی حالت میں جدہ پناہ گزین ہوا تو کس نے انہیں اسٹیل ملز لگانے کیلئے چندہ دیا؟ حدیبیہ پیپرملز کے ساڑھے تین کروڑ ڈالرز کی ادائیگی کس غیرملکی سیٹھ یا ایجنسی کی خیرات سے کی گئی؟ لندن میں آل شریف کے چشم و چراغ کی اربوں کی رہائش گاہ کیلئے سرمایہ کیسے مہیا کیا گیا؟ چند برس قبل تک پانچ ہزار سالانہ ٹیکس ادا کرنے والے نواز شریف کے آنگن سے اچانک کون سا خزانہ برآمد ہوا؟ ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کا صاحبزادہ برملا اعتراف کر چکا ہے کہ اس کے خاندان نے غیر ملکی افراد سے سرمایہ وصول کیا۔ جانتے ہیں نواز شریف اور شہباز شریف کی تاریخ انہیں عمران خان کا سامنا کرنے کی اجازت نہیں دیتی۔ وزیر اعظم کے سمدھی کے حلفیہ بیان کی روشنی میں کتنا سرمایہ منی لانڈرنگ کے ذریعے بیرون ملک بھیجا گیا؟ قوم پوچھتی ہے کہ اصغر خان کیس میں شریف خاندان کی آئی ایس آئی سے رقوم کی وصولی ثابت ہونے باوجود اس پر مزید پیش رفت کیوں روک دی گئی؟ وزیر اعظم بتائیں کہ کیا دنیا کے کسی بھی جمہوری ملک میں وزیر اعظم کی اولاد سے حزب اختلاف کے اہم ترین رہنما کے بارے میں ایسے بیانات دلوائے جاتے ہیں؟ شریف خاندان کے بڑے خود میں ہمت پیدا کریں اور بچوں کو سیاست سے دور رکھیں۔