Sunday, May 12, 2024

آقائے دو جہاں حضرت محمدﷺ کی ذات کو نشانہ بنانا کسی صورت برداشت نہیں ، فردوس عاشق اعوان

آقائے دو جہاں حضرت محمدﷺ کی ذات کو نشانہ بنانا کسی صورت برداشت نہیں ، فردوس عاشق اعوان
November 5, 2020
لاہور (92 نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان نے کہا آقائے دو جہاں حضرت محمد کی ذات کو نشانہ بنانا کسی صورت برداشت نہیں۔ فردوس عاشق اعوان نے لاہور میں رحمت اللعالمین کانفرنس سے خطاب میں کہا آج ہم یہ تجدید عہد کرنے آئے ہیں کہ ہمارا ایمان اس وقت نامکمل ہے جب آخری نبی کریم ﷺ پر ایمان نہیں لاتے۔ ہم نے دیکھنا ہے کہ نبی کریم ﷺکے مخالفین اور منکرین کون ہیں ۔ ہماری نوجوان نسل کو اس پراپیگنڈا کا جواب دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا رحمت اللعالمینﷺ کہلانے والا کسی ایک ریجن تک نہیں ، مسلمانوں تک نہیں بلکہ پوری کائنات کے لئے رحمت ہیں۔ ہماری ہمسایہ ریاست ہندوستان میں  مسلمانوں کے ساتھ جو کچھ ہو رہا  ہے وہ سب کچھ واضح ہے۔ ہم دعا گو ہیں کہ کشمیریوں کی مشکلات کو  اللہ تعالیٰ جلد ختم کرے۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا حکومت پنجاب ہفتہ رحمت اللعالمینﷺ منانے جا رہی ہے۔ یکجہتی کا پیغام دینے کیلئے پوری قوم کو اکٹھا کرنا ہے۔ 50 کروڑ کے فنڈ سے ہم ضلعی اور ریجنلز کی سطح پر پورے صوبے میں رحمت اللعالمین کانفرنس منعقد کریں گے۔ پوری دنیا سے مذہبی سکالرز کو بلا کر بین الاقوامی کانفرنس منعقد کریں گے۔ سیرت النبیﷺ پیغام جس میں اکٹھا کرنے کا پیغام ہے اسے آگے بڑھانا ہے۔ فردوس عاشق اعوان بولیں اقوام متحدہ نبی کریمؐ اور دیگر انبیا کرام کے خلاف گستاخانہ حرکتوں پر پابندی لگائے۔ مغربی دنیا کو بھی مسلمانوں کیلئے ناموس رسالت کی حساس نوعیت کو سمجھنا ہو گا۔