Friday, March 29, 2024

آفر ملی تو آسٹریلیا کا کوچ یا چیف سلیکٹر کا عہدہ قبول کروں گا : پونٹنگ

آفر ملی تو آسٹریلیا کا کوچ یا چیف سلیکٹر کا عہدہ قبول کروں گا : پونٹنگ
November 23, 2016

میلبورن (ویب ڈیسک) آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ نے ٹیم کی خراب کارکردگی پر چیف سلیکٹر بننے کی پیشکش کر دی۔ تفصیلات کے مطابق سابق آسٹریلیائی بلے باز اور کپتان رکی پونٹنگ نے کہا ہے کہ اگر انہیں چیف سلیکٹر بننے کی آفر ہوئی تو وہ اس پر غور کریں گے حتیٰ کہ ٹیم کی کوچنگ کرنے پر بھی تیار ہیں۔

رکی پونٹنگ کا یہ بیان آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر کے مستعفی ہونے کے بعد سامنے آیا ہے۔ آسٹریلیا کی جنوبی افریقہ کے ہاتھوں ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ میں بدترین شکست پر چیف سلیکٹر روڈ مارش نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ اس سے قبل مارش نے اعلان کیا تھا کہ وہ 2017ءکے وسط تک مستعفی ہو جائیں گے مگر وہ ٹیم کی شکستوں پر ہونے والی شدید تنقید برداشت نہ کر سکے اور عہدہ چھوڑ دیا۔

رکی پونٹنگ کا کہنا ہے کہ انہوں نے کرکٹ آسٹریلیا کو بتا دیا ہے کہ اگرچہ وہ اپنی کرکٹ کھیل چکے ہیں مگر پھر بھی جہاں کہیں بھی ان کی خدمات کی ضرورت ہے وہ حاضر ہیں‘ چاہے وہ فل ٹائم کوچ کی جاب ہو یا چیف سلیکٹر کی۔ پونٹنگ انڈین پریمیئر لیگ میں ممبئی انڈینز کی کوچنگ کر چکے ہیں۔ انہوں نے 2015ءمیں ٹیم کی فتح کے بعد استعفیٰ دیدیا تھا۔