Saturday, April 20, 2024

آفتاب احمد ہلاکت کیس میں سندھ رینجرز کے چار اہلکار گرفتار

آفتاب احمد ہلاکت کیس میں سندھ رینجرز کے چار اہلکار گرفتار
May 10, 2016
کراچی (92نیوز) کراچی میں ایم کیوایم کے کارکن آفتاب احمد پر تشدد میں ممکنہ طور پر ملوث چار رینجرز اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا ۔ رینجرز اہلکاروں کی گرفتاری انٹرنل ڈیپارٹمنٹل انکوائری کی روشنی میں عمل میں لائی گئی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں رینجرز نے انٹرنل ڈیپارٹمنٹل انکوائری کے دوران ایم کیوایم کے کارکن آفتاب احمد پر تشدد میں ممکنہ طور پر ملوث چار رینجرز اہلکاروں کو باقاعدہ طور پر گرفتار کر لیا۔ رینجرز کے اعلی ترین ذرائع کے مطابق اہلکاروں کی گرفتاری سے قبل مکمل تحقیقات کی گئی ہیں ۔ رینجرز کے اعلی ترین ذرائع کا کہنا تھا کہ کراچی میں آپریشن اور امن اور امان کے قیام کے لیے دی گئی قربانیوں کو کسی طور رائیگاں جانے نہیں دیں گے۔ کراچی میں آپریشن کے دوران قانون اور انصاف کے تمام تقاضوں کو پورا کیا جائے گا۔ ایم کیوایم کارکن آفتاب احمد یکم مئی کو رینجرز کے ہاتھوں حراست میں لئے گئے تھے اور دو مئی کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نے انہیں نوے روزہ ریمانڈ پر رینجرز کے حوالے کیاتھا۔ جہاں دوران حراست تین مئی کو حرکت قلب بند ہوجانے سے آفتاب احمد کی موت کا اعلان کیا گیا تھا۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے آفتاب احمد کی دوران حراست موت کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی فوری انکوائری کا حکم دیا تھا جس پر ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر نے فوری طور پر انٹرنل ڈیپارٹمنٹل انکوائری شروع کردی تھی۔ گرفتار ہونے والے چاروں اہلکار پہلے مرحلے میں معطل کئے جاچکے تھے۔