Sunday, May 19, 2024

آف شور کمپنیوں میں کسی قسم کی بدعنوانی یا لاقانونیت نہیں : پرویز رشید

آف شور کمپنیوں میں کسی قسم کی بدعنوانی یا لاقانونیت نہیں : پرویز رشید
April 24, 2016
لاہور (92نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ پاناما پیپرز کے سامنے آنے کے بعد وزیراعظم نے اخلاقی ذمہ داری کے تحت کمیشن بنانے کا اعلان کیا۔ آف شورکمپنیاں قانونی طور پر اپنے کاروباری مقاصد پورے کرنے کے لیے بنائی گئی تھیں۔ ان میں کسی قسم کی بدعنوانی یا لاقانونیت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا پاناما پیپرز میں وزیراعظم کا ذاتی طور پر کوئی حوالہ موجود نہیں ہے۔ شریف خاندان کے جن افراد کے نام سامنے آئے ان میں بھی کسی قسم کے قانون کی خلاف ورزی نہیں ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا 2014ءمیں بنایا گیا کمیشن حاضر سروس ججز پر مشتمل تھا مگر کمیشن کی رپورٹ آنے کے بعدعمران خان کی جانب سے ججز پر کیچڑ اچھالا گیا۔ تضحیک اور جھوٹ کی وجہ سے قانونی برادری میں ہچکچاہٹ بڑھ گئی۔ اسی وجہ سے عدلیہ نے فیصلہ کیا کہ حاضر سروس ججز کو اس طرح کے کاموں میں نہ ڈالا جائے۔ ہم نے ناصرالملک‘ تصدق جیلانی، مینگل صاحب اور عثمانی صاحب جیسے باکردار اشخاص کو منتخب کیا مگر عمران خان نے ان ناموں پر بھی شور مچانا شروع کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ بینظیربھٹو کے دو ادوار اور مشرف کے دور میں ان کا احتساب ہوا مگر کسی کو کرپشن کا نام تک نہیں ملا۔ عمران خان کی سیاست کے اخراجات اٹھانے والے ٹیکس چوری اور غیرقانونی طور پر دولت اکٹھی کرنے میں ملوث ہیں۔ پرویز رشید نے تحریک انصاف کے آج کے یوم تاسیس کے پروگرام کو پپٹ شو قرار دیا۔ انہوں نے اعتزاز احسن کے بارے کہا کہ نوازشریف عدلیہ بحالی تحریک میں جس گاڑی کی قیادت کر رہے تھے اعتزاز احسن پٹرول پمپ پر کھڑے ہو کر اس کا انتظار کر رہے تھے۔ میں نے ان کیلئے نشست خالی کی تھی۔ وہ بتائیں اگر وزیراعظم دیانتدار نہیں تو یہ انہیں کیوں قیادت پر فائز کرتے تھے۔