Sunday, May 12, 2024

آغا سراج درانی کی نیب کے ہاتھوں گرفتاری پر پنجاب اسمبلی سے اپوزیشن کا واک آؤٹ

آغا سراج درانی کی نیب کے ہاتھوں گرفتاری پر پنجاب اسمبلی سے اپوزیشن کا واک آؤٹ
February 21, 2019
 لاہور (92 نیوز) اسپیکرسندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی نیب کے ہاتھوں گرفتاری کے خلاف پنجاب اسمبلی سے اپوزیشن نے واک آؤٹ کردیا۔ سندھ اسمبلی کے اسپیکر آغا سراج درانی کے نیب کے ہاتھوں گرفتاری کی بازگشت پنجاب اسمبلی میں بھی سنائی دیتی رہی۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس ایک گھنٹہ دس منٹ کی تاخیر سے ڈپٹی اسپیکر سردار دوست محمد مزاری کی صدارت میں شروع ہوا۔ اجلاس میں پیپلزپارٹی کے ارکان کالی پٹیاں باندھ کر شریک ہوئے۔ آغا سراج درانی کی نیب کے ہاتھوں گرفتاری کے خلاف پیپلزپارٹی نے واک آؤٹ کیا تو ن لیگ نے بھی پیروی کی۔ حکومتی نمائندے اپوزیشن کو منا کر واپس اجلاس میں لائے تو پھر اجلاس شروع ہوا۔ مسلم لیگ ن کی رکن عظمیٰ بخاری نے اپنے خطاب میں سراج درانی کی گرفتاری کی مذمت کی۔ ن لیگ کے رکن میاں نصیر نے کہا احتساب کے دوہرے عمل پر سب کو مل کر سوچنا ہے۔ صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا کہ اپوزیشن نیب قوانین کو بہتر بنانے کے لئے حکومت سے تعاون کرے۔ اجلاس میں علیم خان اور خواجہ سلمان رفیق بھی شریک ہوئے۔ اجلاس کے بعد نیب کی ٹیم علیم خان کو پنجاب اسمبلی سے روانہ ہو گئی۔