Friday, May 17, 2024

آصف علی زرداری کیخلاف جعلی اکاؤنٹس کیس کا ایک اور ملزم وعدہ معاف گواہ بن ‏گیا

آصف علی زرداری کیخلاف جعلی اکاؤنٹس کیس کا ایک اور ملزم وعدہ معاف گواہ بن ‏گیا
April 29, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز ) جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی سماعت میں اہم پیشرفت ہوئی ہے ، دو خواتین بینک افسران کے بعد تیسرا ملزم شیرمحمد بھی آصف علی زرداری کیخلاف وعدہ معاف گواہ بننے کو تیار  ہو گیا۔ عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری  نے کہا ملک میں نیب چلے گا یا معیشت ،دونوں ایک ساتھ نہیں چل سکتے   ، اگر نوازشریف باہر جانا چاہتے ہیں تو جائیں وہ اور کہاں جائیں گے۔ جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں آصف علی زرداری  ،  انکی ہمشیرہ فریال تالپور تیسری بار احتساب عدالت میں پیش ہوئے اور  باقی ملزمان کے ساتھ کٹہرے میں آکر حاضری لگائی۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ریفرنس پر سماعت کی اور کراچی میں گرفتار حسین لوائی سمیت دیگر چار ملزمان بارے استفسار کیا۔ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ چیف سیکرٹری سندھ کو ملزمان کی حوالگی کیلئے دو خطوط لکھے لیکن جواب نہیں ملا ، اقبال آرائیں کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ موصول ہوگیا، تصدیق کے بعد عدالت میں جمع کرائیں گے ۔ نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ  وعدہ معاف گواہ بننے والی خواتین کرن اور نورین کی درخواستیں زیر غور ہیں جبکہ ایک اور ملزم شیر محمد بھی وعدہ معاف گواہ بننے کو تیار ہوگیا ہے۔ عدالت نے کراچی میں گرفتار ملزمان کی پیشی کیلئے دوبارہ سمن جاری کردئیے جبکہ آصف علی زرداری  اور فریال تالپور کو حاضری یقینی بنانے کیلئے دس دس لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ دوران سماعت آصف علی زرداری  بےچین نظر آئے اور بغیر بلائے تین دفعہ روسٹرم پر آئے ۔ بعد ازاں  میڈیا سے گفتگو میں پیشگوئی کی کہ حکومت اپنی پانچ سالہ مدت پوری نہیں کرسکے گی ، فضل الرحمان کے ساتھ چلنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ دوران سماعت فریال تالپور نے جج بارے دریافت کیا تو وکلاء نے بتایا کہ حاضری لگانے کے بعد فائل چیمبر میں جائے گی پھر جج صاحب ائیں گے جس پر سابق صدر نے کہا کہ فریال کو نہیں معلوم کیوں کہ یہ پہلی بار عدالت میں پیش ہورہی ہیں۔ کیس کی دوبارہ سماعت 9 مئی کو ہوگی۔