Friday, April 26, 2024

آصف علی زرداری کی گرفتاری ہو گی یا ضمانت، کل اہم سماعت ہو گی

آصف علی زرداری کی گرفتاری ہو گی یا ضمانت، کل اہم سماعت ہو گی
June 10, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) سابق صدر آصف علی زرداری کی گرفتاری ہو گی یا ضمانت اس حوالے سے کل اسلام آباد ہائیکورٹ میں اہم سماعت ہو گی۔ چئیرمین نیب کی جانب سے جاری کئے گئے سابق صدر کے وارنٹ گرفتاری بھی عدالت میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔ جعلی اکاونٹس کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری ، فریال تالپور سمیت نو ملزمان کی عبوری ضمانت  پیر کو مکمل ہو گی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی اہم سماعت کریں گے۔ بڑے ملزمان کی بڑی پیشی پر سخت سیکورٹی کے انتظامات مکمل ہیں۔ نیب نے جعلی اکاونٹس کیس میں آصف علی زرداری کو بالواسطہ اور بلاواسطہ بینفیشری قرار دے رکھا ہے۔ چئیرمین نیب نے وارنٹ گرفتاری کی منظور بھی دے رکھی ہے۔ وارنٹ گرفتاری کل دو رکنی بینچ کے روبرو پیش کیے جانے کا امکان ہے۔  سابق صدر کے وکیل فاروق ایچ نائیک پہلے ہی دلائل مکمل ہو چکے ہیں۔ نیب پراسیکوٹر عدالتی سوالوں کی روشنی میں دلائل مکمل کریں گے۔ نیب ذرائع کے مطابق درخواست ضمانت مسترد ہونے کی صورت میں ملزمان کو کمرہ عدالت سے گرفتار کیا جائے گا جس کے لیے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔