Friday, May 17, 2024

آصف زرداری کی نااہلی کیلئے دائر درخواستوں پر اعتراضات ختم

آصف زرداری کی نااہلی کیلئے دائر درخواستوں پر اعتراضات ختم
January 29, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز)  آصف علی زرداری کی نااہلی سے متعلق پی ٹی آئی رہنماوں کی درخواستوں پر عائد اعتراضات اسلام آباد ہائی کورٹ نے ختم کردئیے۔ دوران سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے درخواستوں کو سیاسی قرار دیا اور ریمارکس دئیے کہ سیاسی لڑائی سیاسی فورم اور پارلیمنٹ میں لڑنی چاہیے۔  پارلیمنٹ مقدم ہے ، پارلیمانی کمیٹی بنائی جاسکتی ہے۔ درخواستگزاروں کے وکیل سکندر بشیر میمن نے آگاہ کیا کہ درخواستیں آرٹیکل باسٹھ ون ایف کے تحت دائر کی گئی ہیں۔ سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ ہے کہ آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت براہ راست الیکشن کمیشن نہیں جا سکتے۔ اس کیس میں اہم دستاویزی شواہد سامنے آچکے ہیں۔ جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ آپ تفتیشی ایجنسی کے سامنے بھی یہ معاملہ رکھ سکتے ہیں۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دئیے کہ ہمارے پاس بہت سارے کیسز زیر التواء ہیں۔ آپ کی درخواستوں کو ترجیح کیسے دیں ، جب جیلوں میں بیٹھے لوگ انصاف کے منتظر ہیں۔ آئندہ سماعت پر مطمئن کریں یہ درخواستیں کیوں ترجیحی بنیادوں پر سنی جائیں؟۔ مطمئن کریں کہ کیا درخواستیں عوامی مفاد کی ہیں؟۔ عدالت نے رجسٹرار آفس کو درخواستیں دوبارہ سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔