Friday, May 17, 2024

آصف زرداری کی نا اہلی کیلئے پی ٹی آئی اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچ گئی

آصف زرداری کی نا اہلی کیلئے پی ٹی آئی اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچ گئی
January 29, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے بیرون ملک اثاثوں پر سابق صدر آصف زرداری کی نا اہلی کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ کا دورازہ کھٹکھٹا دیا۔ پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے آصف زرداری کی نا اہلی کیلئے دائر درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ آصف زرداری اثاثے چھپانے پر صادق اور امین نہیں رہے، آرٹیکل باسٹھ ون ایف کے تحت نا اہل قرار دیا جائے ۔ کھلاڑیوں نے مفاہمت کے بادشاہ کو سیاست کے میدان سے ہمیشہ کیلئے آؤٹ کرنے کی ٹھان لی ، الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ کے بعد عثمان ڈار اور خرم شیر زمان نے اسلام آباد ہائی کورٹ کا رخ کرلیا۔ درخواستوں میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ آصف زرداری نے بیرون ملک 24 کروڑ 37 لاکھ  روپے کے اثاثے چھپائے ،  نیویارک میں فلیٹ اور دو بلٹ پروف گاڑیاں ظاہر نہیں کیں ، جے آئی ٹی کے سامنے جھوٹ بولا ۔ عثمان ڈار اور خرم شیر زمان کی جانب سے دائر کر دہ درخواست میں کہا گیا کہ آصف علی زرداری صادق اور امین نہیں رہے ۔ انہوں نے   آرٹیکل 62 ون ایف کےتحت تاحیات نااہل قرار دینے کی استدعا کردی۔ پی ٹی آئی کے کھلاڑیوں  کی جانب سے نیو یارک کے پوش ایریا میں آصف زرداری کی پارکنگ لاٹ کی ٹیکس رسیدیں بھی بطور ثبوت درخواستوں کے ساتھ منسلک ہیں ۔ دوسری جانب آصف علی زرداری کی نا اہلی کیلئے دائر درخواست پر رجسٹرار آفس اسلام آباد نے اعتراض لگا دیے، تحریک انصاف کی درخواست سماعت کیلئے مقرر نہ ہوسکی۔