Friday, April 26, 2024

آصف زرداری کا چیئرمین نیب کیخلاف ایکشن لینے کا مطالبہ

آصف زرداری کا چیئرمین نیب کیخلاف ایکشن لینے کا مطالبہ
May 21, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) آصف زرداری نے چیئرمین نیب جاوید اقبال کیخلاف ایکشن لینے کا مطالبہ کر دیا۔ نیب کےخلاف ن لیگ اور پیپلزپارٹی ایک پیج پر ہیں۔ دونوں جماعتوں کی قیادت پر کرپشن کے الزامات بھی ایک جیسے ہی ہیں۔ شاہد خاقان عباسی کی گرج چمک آپ نے دیکھ لی۔ اب آصف زرداری کی للکار بھی سن لیجئے ۔ کرپشن کیسز کے جال میں پھنسے آصف زرداری چیئرمین نیب جاوید اقبال پر چڑھ دوڑے اور کہا انٹرویو تو بہانہ ہے اصل میں نیب نشانہ ہے ۔ چیئرمین نیب کو انٹرویو دینے کا حق نہیں، جاویداقبال کیخلاف ایکشن لینا چاہئے۔  آصف زرداری بولے نیب کا بائیکاٹ نہیں کریں گے، نیب کو تھکائیں گے۔ حکومت کیخلاف مہم میں آصف زرداری بھی مریم نواز کے گن گانے لگے، کہتے ہیں اپوزیشن کو مریم اور بلاول لیڈ کریں گے، ہیں سینئر سیاست دان اب آرام کریں گے۔ آصف زرداری نے کہا عمران خان اور ہمارا کیا مقابلہ، وہ بڑے آدمی ہم چھوٹے، اسی لئے افطار کی دعوت بھی نہیں دی۔ اس سوال پر کہ حکومت افطاری سے پریشان ہے زرداری بولے ابھی تو ابتدائے عشق ہے، آگے آگے دیکھیے ہوتا ہے کیا۔ اپوزیشن قومی حکومت کی طرف جائے گی یا الیکشن کی طرف، صحافی کے سوال پر سابق صدر نے کہا اپوزیشن دوبارہ الیکشن کی طرف جائے گی۔