Saturday, April 20, 2024

آصف زرداری ، پرویز مشرف ، ملک قیوم کے 10سالوں کے اثاثوں کی تفصیلات طلب

آصف زرداری ، پرویز مشرف ، ملک قیوم کے 10سالوں کے اثاثوں کی تفصیلات طلب
August 29, 2018
اسلام آباد( 92 نیوز) سپریم کورٹ نے این آر او کیس میں آصف زرداری ، پرویز مشرف اور ملک قیوم کے 10 سالوں کے اثاثوں کی تفصیلات طلب کر لیں ۔ عدالت نے تینوں کے غیر ملکی اثاثوں اور بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی جمع کرانے کا حکم دے دیا ۔دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اگر محترمہ بے نظیر بھٹو کا بھی کوئی غیر ملکی اکاؤنٹ تھا تو وہ بھی بتایا جائے ۔ این آر  او کیس کی سماعت کی  ابتداء پرچیف جسٹس نے آصف زرداری کا بیان حلفی لیک ہونے پرسپریم کورٹ کے   عملہ  پر   برہمی کا اظہار  کیا  ، وکیل پرویزمشرف نے  عدالت  کو بتایا کہ سابق  صدر کے پاس دبئی میں اپارٹمنٹ ، اکاونٹ میں 92 ہزاردرہم ، جیپ اور مرسڈیز سمیت تین گاڑیاں ہیں ۔ چیف جسٹس نے پوچھا کہ کیا مشرف ساری زندگی کی تنخواہ سے فلیٹ لے سکتے تھے؟وکیل نے بتایاکہ غیرملکی اثاثےپرویزمشرف کے صدارتی عہدہ چھوڑنے کے بعد کے ہیں ۔چیف جسٹس نے  استفسار کیا کہ لیکچردینے سے اتنے پیسے ملتے ہیں، کیوں نہ  میں  بھی ریٹائرمنٹ کے بعد لیکچردوں  ، عدالت نےپرویزمشرف ، انکی اہلیہ اوربچوں کے گزشتہ دس سال کے ملکی وغیرملکی اثاثوں اوربینک اکاونٹس کی تفصیلات طلب کرلی۔ عدالت  نے حکم دیا کہ  پرویزمشرف، آصف زرداری اور ملک قیوم  گزشتہ دس سال کے ملکی وغیرملکی اثاثوں اوربینک اکاونٹس  کی تفصیلات فراہم کریں۔ وکیل  آصف علی زرداری فاروق ایچ نائیک نے  دوران سماعت کہا کہ  آصف زرداری  نے  9سال جیل کاٹی، کیا انکا  قصور  صرف  سیاستدان ہونا ہے۔جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ سیاست دانوں کے اثاثوں کی تفصیلات جانناعوام کا حق ہے سیاسی قائدین  بے داغ ہونا چاہئے۔