Friday, March 29, 2024

آصف زرداری نے وزیر اعظم کے 5سال پورے نہ ہونے کا دعویٰ کر دیا

آصف زرداری نے وزیر اعظم کے 5سال پورے نہ ہونے کا دعویٰ کر دیا
January 17, 2019
بدین ( 92 نیوز) آصف زرداری نے وزیر اعظم کے پانچ سال نہ کرنے کی پیشن گوئی کر دی ۔ عمران خان  کو ایک بار پھر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شریک چئیرمین پاکستان پیپلزپارٹی اور سابق صدر  آصف زرداری نے کہا کہ عمران خان پانچ سال پورے کر لیں ،سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ بدین میں  جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری کا کہنا تھا کہ اگر حادثاتی طور پر وزیر اعظم بن گئے ہو تو سیکھ تو لو ، آپکے الیکشن کو ملک میں کوئی نہیں مانتا ، وزیراعظم کو پتا ہی نہیں کہ  ڈالر اوپر جارہا ہے ۔ آصف علی زرداری کا جلسے سے خطاب میں کہنا تھا کہ  یہ جو کچھ کر رہے ہیں اپنے اسکینڈلز چھپانے کیلئے کر رہے ہیں ، آج  سفید پوش لوگ ریڑھیاں لگانے پر مجبور ہو رہے ہیں ، یہ عوام میں سے آئے ہیں نہ ہی عوام میں دوبارہ جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ شریک چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ آج غریب ہاتھ اٹھا کر بددعائیں دے رہا ہے، ہمیں ایک مہینہ پہلے ڈالرکا پتہ ہوتا تھا کہ کہاں تک جائے گا، آپ کو پتہ ہی نہیں کہ ڈالر کہاں جارہا ہے۔ سابق صدر کا کہنا تھا کہ  سازشیں ہمارے خلاف نہیں عوام کے خلاف ہیں، یہ عوام کو حق نہیں دینا چاہتے،  ان کی مجھ سے جنگ صرف 18ویں ترمیم پر ہے،ہم نے ہمیشہ غریب کا ساتھ دینے کی بات کی۔ اس سے قبل پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما نثار کھوڑو نے  کہا کہ  وفاقی حکومت ہم سےجلتی ہے ، پاکستان کی سیاست کو وفاقی نہیں رہنے دیا ، ہم جلتی  پر تیل ڈالیں گے ، جلاتے رہیں گے ۔ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ ہم وفاق سے پانی مانگتے ہیں تو یہ منہ دوسری طرف کر کے بیٹھ جاتے ہیں ۔