Friday, March 29, 2024

آصف زرداری نے نوابشاہ ،چودھری برادران نے گجرات میں نماز عید اداکی

آصف زرداری نے نوابشاہ ،چودھری برادران نے گجرات میں نماز عید اداکی
June 5, 2019
کراچی ( 92 نیوز)  عید الفطر کے موقع پر شہر شہر نگر نگر عید الفطر کے روح پرور اجتماعات ہوئے جب کہ  ہر چہرہ خوشی سے جگمگا اٹھا، عید ملنے اور ایک دوسرے کو مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے ، اہم حکومتی شخصیات اور سیاستدانوں نے بھی عوام کے درمیان عید کی نماز ادا کی ،شہریوں میں گھل مل  گئے۔ صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے فیصل مسجد اسلام آباد میں عید کی نماز ادا کی،انہوں نے  اپنے پیغام میں اہل وطن کو عید کی مبارک باد دی اور نیک خواہشات کااظہار کیا۔ سابق صدرآصف زرداری نے نواب شاہ میں نماز عید ادا کی  ۔ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی  بلاول بھٹو ، وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ ،نثارکھوڑو اور دیگر رہنماؤں نے گڑھی خدابخش میں عید کی نماز ادا کی ۔ حروں کے روحانی پیشوا پیرپگارہ نے عید کی نماز خیرپور میں ادا کی۔ مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت،دھری پرویز الہٰی اور مونس الہٰی نے عید الفطر کی نماز گجرات میں ادا کی ، انہوں نے قوم کو عید کی مبارکباد دی۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے پولو گراؤنڈ کراچی ،جبکہ گورنر پنجاب چوھری سرور نے بادشاہی مسجد لاہور میں نماز عید ادا کی۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی،گورنربلوچستان امان اللہ خان ،وزیراعلیٰ جام کمال نے کوئٹہ میں عید کی نماز ادا کی ۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وزیراطلاعات صمصام بخاری نے  لاہور، وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے ملتان میں عید کی نماز ادا کی۔ کوئٹہ میں 258 مقامات پر عید کی نماز کا اہتمام کیا گیا،فیصل آباد، سرگودھا، سکھر،حیدرآبادسمیت دیگر شہروں میں بھی عید کے بڑے بڑے اجتماعات ہوئے،ملکی سلامتی اور خوشحالی کےلیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ نماز عید کے اجتماعات کے موقع پر ملک بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ۔اپنی خوشیاں قربان کرکے  ملک و قوم کی سلامتی کےلیے ڈیوٹی پرکھڑے سکیورٹی اہلکاروں سے شہری عید ملتے رہے۔