Thursday, March 28, 2024

آصف زرداری نے جلد وطن واپسی کا اعلان کر دیا

آصف زرداری نے جلد وطن واپسی کا اعلان کر دیا
November 20, 2016

 دبئی (92نیوز)سابق صدراور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے جلد ملک واپسی کا اعلان کردیا کہتے ہیں وہ جلا وطن نہیں ہیں چند ہفتوں میں پاکستان میں ہونگے۔اُنہوں نے عمران خان کو انوکھا لاڈلا قرار دیا ۔۔

 تفصیلات کےمطابق سابق صدر آصف علی زرداری نے سولہ جون دو ہزار پندرہ کو ایک دھواں دھار خطاب  کیا تھا جس کے آٹھ روز بعد وہ دبئی روانہ ہو گئے۔   آصف زرداری کے  ملک سے جانے کے دو ماہ بعد اُن کے قریبی ساتھی ڈاکٹر عاصم کو رینجرز نے گرفتار کر لیا ۔  اب  جب ملک میں پاناما کا ہنگامہ عروج پر ہے تو ایسے میں اُنہوں نے ملک واپسی کے لئے چند ہفتوں کی ڈیڈ لائن دے دی کہتے ہیں کہ وہ جلاو طن نہیں بلکہ آئندہ چند ہفتوں میں پاکستان واپس آ جائیں گے۔ آصف زرداری نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے حوالے سے انتہائی دلچسپ تبصرہ کیا اور کہا کہ عمران خان پاکستانی سیاست کا وہ انوکھا لاڈلا ہے  جو کھیلن کے لئے چاندنی مانگے چاندنی کا مطلب ہے پرائم منسٹر شپ۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی  حکومت کو نشانے پر رکھا ہوا ہے   اور ستائیس دسمبر کی ڈیڈ لائن دی ہے ۔

 سوال یہ ہے کہ اب جب آصف زرداری  خود ساختہ جلاوطنی ختم کرکے وطن واپس پہنچیں گے تو اُن کی پارٹی ٹکراؤ کی پالیسی پر عمل پیرا ہو گی یا شہنشاہ مفاہمت کہلانے والے زرداری مفاہمت کی پالیسی اختیار کریں گے ؟   یہ بھی دیکھنا ہو گا کہ پی ٹی آئی  اور پاناما کے ہنگامے کے بارے میں وہ کیا حکمت عملی اپنائیں گے ؟