Monday, September 16, 2024

آصف زرداری نے جس قدر دولت لوٹی ان کا ٹرائل ملٹری کورٹس میں ہونا چاہئے : عابد شیر علی

آصف زرداری نے جس قدر دولت لوٹی ان کا ٹرائل ملٹری کورٹس میں ہونا چاہئے : عابد شیر علی
April 22, 2017
  فیصل آباد(92نیوز)وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے سابق صدر آصف زرداری کو نواز شریف پر تنقید کرنے کھری کھری سنا دیں۔ کہتے ہیں آصف علی زرداری ہمیں لانڈھی جیل کا سبق نہ دیں ہم انہیں ملک سے بھاگنے نہیں دیں گے۔ انہوں نے جس قدر دولت لوٹی ہے ان کا ٹرائل ملٹری کورٹس میں ہونا چاہئے۔ تفصیلات کےمطابق جھنگ میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے وزیر اعظم نواز شریف پر تنقید کی تو وزیر مملکت عابد شیر علی کا پارہ اتنا چڑھا کہ فیسکو ہیڈ کوارٹر میں میڈیا سے گفتگو کے دوران بولے کہ کل جھنگ میں ایک ڈاکو آیا تھا جنہوں نے بھٹو کا نام بیچا اور اتنی دولت لوٹی کہ اس کا ریکارڈ بناتے کمپیوٹر بھی شرمندہ ہو جاتا ہے سندھ میں جتنی بھی جے آئی ٹی بنیں ان سب کا سرغنہ آصف زرداری ہی ہے۔ عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ لینڈ مافیا میں بھی آصف زرداری کا نام ہے قوم پوچھتی ہے کہ سرے محل پر پیسہ کہاں سے لگایا گیا۔  انہوں نے پانامہ کیس کے حوالے سے کہا کہ جی آئی ٹی بنانے کا تو انہوں نے پہلے بھی کہاتھا جوش خطابت میں عابد شیر علی ملزم اور مجرم کا فرق بھول گئے تو وہیں ان کی تنقید کا نشانہ سابق صدر ہی تھے اور ان کا احتساب ملٹری کورٹس میں کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ عابد شیر علی نے سابق چیف جسٹس کو تنقید کا نشان بنایا اور کہا کہ ہم نے عدلیہ کی جنگ لڑی تھی ، افتخار چودھری کی جنگ نہیں۔  افتخار چوہدری میں اتنی اخلاقی جرات نہیں  تھی کہ بیٹے پر الزام لگا تو استعفی دیتے۔