Tuesday, April 23, 2024

آصف زرداری ، فریال کو اے کلاس سہولیات ملیں گی یا نہیں ،فیصلہ محفوظ

آصف زرداری ، فریال کو اے کلاس سہولیات ملیں گی یا نہیں ،فیصلہ محفوظ
August 20, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز ) آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو جیل میں اے کلاس سہولیات ملیں گی یا نہیں، احتساب عدالت نے درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ سابق صدرکے وکیل نے دلائل دیے کہ ان کے موکل دل کے مریض ہیں، آئین پاکستان سابق صدرکو تمام سہولیات دیتا ہے۔ سابق صدرآصف علی زرداری اوران کی ہمشیرہ فریال تالپور کوجیل میں اے کلاس دینے کی درخواستوں پر  احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سماعت کی ، آصف علی زرداری کے وکیل لطیف کھوسہ نے دلائل دیے  کہ  انکے موکل ابھی ملزم ہیں ،مجرم نہیں ،متعلقہ عدالت میں معاملہ اٹھائیں گے کہ جرم ثابت ہونے سے پہلے کسی کوجیل میں نہیں رکھا جا سکتا ، انکے موکل سابق صدر، آئین پاکستان تمام سہولیات دیتا ہے۔ نیب پراسیکیوٹرسردارمظفرعباسی نے کہا کہ جیل میں اے اور بی کلاس کا رول ختم کر دیا گیا ، اب بہتر سہولت بیٹر کلاس ہے۔درخواست گزار کی جانب سے محکمہ داخلہ کو درخواست نہیں دی گئی ، جیل کی سہولیات کااس عدالت سے تعلق نہیں،یہ درخواست قابل سماعت نہیں۔ فریال تالپورکے راہداری ریمانڈ سے متعلق درخواست کی سماعت کے دوران ان کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ راہداری ریمانڈ پرنیب کو تو کوئی اعتراض نہیں ، نیب پراسیکیوٹر بولے کہ راہداری ریمانڈ کے لئے طریقہ کار مختلف ہے ملزم عدالت میں درخواست دائر نہیں کر سکتا۔ عدالت نے آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی جیل میں سہولیات کی درخواستوں اور فریال تالپور کے راہداری ریمانڈ کی اجازت کی درخواست پر بھی فیصلہ محفوظ کرلیا۔