Friday, April 26, 2024

آصف زرداری سے غیر مشروط طور پر ہاتھ ملانے کو تیار ہیں ، نواز شریف

آصف زرداری سے غیر مشروط طور پر ہاتھ ملانے کو تیار ہیں ، نواز شریف
November 22, 2017

اسلام آباد ( 92 نیوز ) سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے کبھی کسی سے این آراو کیا نہ ہی کریں گے ۔ آصف زرداری سے غیر مشروط طور پر ہاتھ ملانے کیلئے تیار ہیں ۔ پاکستان تحریک انصاف ایسی جماعت ہے جس کی طرف دیکھنا بھی گوارا نہیں کرتا۔ اس جماعت کا وطیرہ ہے جھوٹے الزامات لگانا اور انتشار پھیلانا ۔
سابق نا اہل وزیر اعظم نواز شریف علیل رکن اسمبلی رجب علی بلوچ کی عیادت کے لئے پہنچے تھے مگر سیاسی مخالفین پر چڑھائی کر دی ۔ نواز شریف نے پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور آصف علی زرداری سے غیر مشروط ہاتھ ملانے کیلئے رضا مندی بھی ظاہر کردی جبکہ میثاق جمہوریت کو بھی یاد کیا۔
اس سے قبل احتساب عدالت سے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے ایک بار پھر عدالتی فیصلوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عدالتوں کا معیار دہرا ہے ۔ ہمارے لئے معیار کچھ اور ہے جبکہ دوسروں کیلئے معیار کچھ اور ہے ۔
نوازشریف آمروں کے بل کی حمایت کرنے پر پیپلزپارٹی سے شکوہ کرتے بھی دکھائی دیئے. انہوں نے کہا پیپلزپارٹی کی آمر کے قانون کی حمایت کرنے پر تکلیف ہوئی ۔ انہیں جمہوریت کیلئے دی جانیوالی قربانیاں فراموش نہیں کرنی چاہئیے تھیں۔