Sunday, May 12, 2024

آصف زرداری اور فوادچودھری کو نااہل قرار دینے سے متعلق اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ سے رائے طلب

آصف زرداری اور فوادچودھری کو نااہل قرار دینے سے متعلق اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ سے رائے طلب
March 1, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) آصف زرداری اور فوادچودھری کو نااہل قرار دینے کی درخواستوں پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ سے رائے طلب کر لی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے سابق صدر آصف زرداری اور فواد چوہدری نااہلی کیسز پر سماعت کی۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ جب متبادل فورم موجود ہیں تو عدالت اس معاملے میں مداخلت کیوں کرے ؟ عدالتوں کو ایسے سیاسی نوعیت کے معاملات ملوث نہ کریں، پارلیمنٹ خود منتخب نمائندوں کے احتساب کا نظام بنا لے تو معاملہ حل ہو سکتا ہے، یہ نہیں ہو سکتا کوئی بھی درخواست لائے اور عدالت منتخب نمائندے کی تفتیش شروع کر دے۔

ہائیکورٹ نے منتخب عوامی نمائندوں کے خلاف نااہلی درخواستیں سننے سے متعلق اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ سے رائے طلب کرتے ہوئے پوچھا کہ کیا پارلیمان میں ایسے کیسز حل کرنے کا کوئی فورم موجود ہے؟،  کیا اس پر کوئی قائمہ کمیٹی بنائی جا سکتی ہے؟، منتخب نمائندوں کیخلاف ایسی درخواستیں سننا عدالتوں کا کتنا اختیار ہے؟

عدالت نے اٹارنی جنرل آف پاکستان کو بھی آئندہ سماعت کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت چھ اپریل تک ملتوی کر دی۔ اثاثے چھپانے پر آصف زرداری کی نااہلی کے لئے پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار اور خرم شیر زمان جبکہ فواد چوہدری کی نااہلی کی درخواست اینکر سمیع ابراہیم نے دائر کر رکھی ہے۔