Thursday, April 25, 2024

آصف زرداری اور فریال تالپور کی  ضمانت مسترد کرنے کا تفصیلی فیصلہ جاری

آصف زرداری اور فریال تالپور کی  ضمانت مسترد کرنے کا تفصیلی فیصلہ جاری
June 18, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے جعلی اکاؤنٹس میگا منی لانڈرنگ کیس میں  آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی ضمانت مسترد کرنے کا  تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے آصف زرداری اور فریال تالپور کی ضمانت مسترد کرنے کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا، سات صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے جاری کیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ آصف زرداری میگا منی لانڈرنگ کیس میں نیب کی بدنیتی ثابت کرنے میں ناکام رہے، نیب کے مطابق منی ٹریل کا براہ راست تعلق آصف علی زرداری سے ہے،نیب کو تحقیقات کےلیے آصف زرداری کی حراست درکار ہے، دیگر جرائم کی طرح وائیٹ کالر کرائم کا سراغ لگاناآسان نہیں، ملزمان کو دستاویزات سے سامنا کروانا اور کڑیاں جوڑنا ضروری ہوتا ہے۔ تفصیلی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ احتساب عدالت میں جمع کرائے گئے مچلکے صرف حاضری کے لیے ہیں، سیکشن 91 کے مچلکے نیب کو گرفتاری سے نہیں روک سکتے،  نیب میگا منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کر رہا ہے، تحقیقات جاری ہوں تو چیئرمین نیب کو ملزم کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا اختیار ہے، عبوری ریفرنس دائر ہونے پر چیئرمین نیب کا ملزم کے وارنٹ جاری کرنے کا اختیار ختم نہیں ہوتا، صرف غیرمعمولی حالات میں ہی ملزم کو ضمانت دی جاسکتی ہے۔