Friday, May 17, 2024

آصف زرداری اور فریال آج اسلام آباد ہائیکورٹ پیش ہوں گے ‏

آصف زرداری اور فریال آج اسلام آباد ہائیکورٹ پیش ہوں گے ‏
April 29, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) نیب انکوئریز کیخلاف سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور آج اسلام آباد ہائیکورٹ  پیش ہوں گے ، جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر اور انکی ہمشیرہ  فریال تالپور  کو احتساب عدالت نے بھی طلب کررکھا ہے۔ بڑی پیشیوں کے پیش نظر اسلام آباد پولیس سیکورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے گی۔ سابق صدر آصف علی زرداری کی  آج  اسلام آباد کی دوبڑی عدالتوں میں پیشیاں ہیں  ،ضمانت کے حصول کے لیے سابق صدر اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہونگے ،  جبکہ احتساب عدالت نے جعلی بنک اکاونٹس کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور سمیت 29 ملزمان کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کررکھی ہے۔ وکیل درخواست گزار اور نیب پراسیکوٹرز  درخواست ضمانت پر حتمی دلائل دیں گے۔ عدالت نے آصف زرداری اور فریال تالپور کی 29 اپریل تک عبوری ضمانت میں توسیع کی تھی۔ جعلی اکاؤنٹس کیس،گرفتارملزم زرداری،بلاول کیخلاف وعدہ معاف ‏گواہ بننےکو تیار عبوری ضمانت مکمل ہونے پر ملزمان اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی کے روبرو پیش ہونگے۔نیب  نےاپنے تحریری جواب میں آصف زرداری کی درخواست ضمانت مسترد کرنے کی استدعا کررکھی ہے۔ جعلی اکاؤنٹس کیس میں احتساب عدالت نے آصف زرداری اور فریال  تالپور سمیت 29 ملزمان کو کل طلب کررکھا ہے۔ اس موقع پر  اسلام آباد پولیس نے سیکورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی ہے، ایک  ہزار سے زائد سکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گےجبکہ پولیس کے ساتھ رینجرز اہلکار بھی سکیورٹی فرائض سرانجام دیں گے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ اور احتساب عدالت الگ الگ نفری تعینات کی جائے گی۔ دوسری جانب  میگا منی لانڈرنگ اسکینڈل میں شریف خاندان اور آصف زرداری کیلئے منی لانڈرنگ میں ایک ہی گروپ ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔ دونوں بڑے سیاسی خاندانوں کیلئے منی لانڈرنگ کرنے والے منی ایکسچینجر ، بینکرز اور افراد ایک دوسرے سے معلومات شیئر بھی کرتے تھے ، آصف زرداری اور فریال تالپور کیلئے منی لانڈرنگ میں ملوث قادرمری اور ابوبکر اہم مہرے تھے ، اداروں کو ثبوت مل گئے۔