Sunday, May 5, 2024

آصف زرداری اور شیخ رشید کا طاہر القادری سے الگ الگ ٹیلیفونک رابطہ

آصف زرداری اور شیخ رشید کا طاہر القادری سے الگ الگ ٹیلیفونک رابطہ
December 7, 2017

لاہور ( 92 نیوز ) سانحہ ماڈل ٹاؤن پر جسٹس باقر نجفی جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد ملکی سیاست میں ہلچل مچ گئی ہے جبکہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے متحد ہونے کی خبریں بھی سر گرم ہیں ۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے بھی ڈاکٹر طاہر القادری سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جبکہ جلد ہی دونوں میں ملاقات بھی متوقع ہے ۔
پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ سابق صدر کو ڈاکٹر طاہر القادری نے ملاقات کی دعوت دی ہے ۔ خورشید شاہ نے مزید کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری سے ملاقات کوئی نئی بات نہیں ۔ قادری صاحب سے پہلے بھی رابطے تھے ۔
دوسری جانب عوامی مسلم لیگ کے سر براہ شیخ رشید نے بھی ڈاکٹر طاہر القادری سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ۔
شیخ رشید نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا دھڑن تختہ ہوتا نظر آنے لگا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم دھرنے میں ہے ۔ زرداری کی شمولیت سے ملک گیر اپوزیشن کا ماحول بنے گا ۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان بھی آسف زرداری کے تعویز میں آجائیں گے ۔ سینیٹ الیکشن سے پہلے ہی کوئیک مارچ ہو جائے گا۔