Friday, April 26, 2024

آصف زرداری اور شہباز شریف کی ملاقات میں اہم شخصیت کے رابطے کا 92 نیوز نے پتہ لگا لیا

آصف زرداری اور شہباز شریف کی ملاقات میں اہم شخصیت کے رابطے کا 92 نیوز نے پتہ لگا لیا
September 3, 2020
 لاہور (92 نیوز) آصف زرداری اور شہباز شریف کی ملاقات میں کس اہم شخصیت کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا ، 92 نیوز نے پتہ لگا لیا۔ ذرائع کے مطابق شہبازشریف نے آصف زرداری کی نوازشریف سے بات کرائی جس میں مستقبل کے سیاسی منظر نامے پر بات ہوئی۔ کیا پاکستان کی سیاست میں  ہلچل مچنے کو ہے ؟؟ بدھ  کے روز بلاول ہاؤس کراچی میں ملکی سیاست کے دو بڑے کھلاڑیوں آصف علی زرداری اور شہباز شریف کی ہونے والی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ۔ خبر ہے کہ بلاول ہاؤس میں ہوئی بڑی بیٹھک  کے دوسرے دور میں ن لیگ  کے صدر شہباز شریف نے سابق صدر زرداری کی  لندن میں موجود نواز شریف سے ٹیلی فون پر بات کرائی۔ اس دوران دونوں پارٹیوں کے چند  رہنما بھی موجود تھے ۔ ذرائع کا دعوٰیٰ ہے کہ آصف زرداری اور نوازشریف کے درمیان  مستقبل کے سیاسی منظر نامے پر بات ہوئی۔ موبائل فون پر کانفرنس  کال کے دوران نوازشریف سے بلاول بھٹو زرداری نے بھی بات کی۔ دونوں بڑی جماعتوں  کی اعلٰیٰ قیادت  کے درمیان ہونے والی ملاقات   میں اہم فیصلے   ہوئے ۔ اتفاق ہوا  کہ تنہا رہ کر سیاسی پرواز کرنا ممکن نہیں۔