Monday, May 6, 2024

آشیانہ ہاوسنگ اسکیم ، شہبازشریف ، فوادحسن فواد اور احد چیمہ پر الزامات کی تفصیلات سپریم کورٹ میں پیش

آشیانہ ہاوسنگ اسکیم ، شہبازشریف ، فوادحسن فواد اور احد چیمہ پر الزامات کی تفصیلات سپریم کورٹ میں پیش
May 14, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) آشیانہ ہاوسنگ اسکیم میں سابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف اور سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد اور احد چیمہ پر الزامات کی تفصیلات سپریم کورٹ میں پیش کر دی گئیں۔ سپریم کورٹ میں سابق وزیر اعلی پنجاب شہبازشریف اور سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کی ضمانت منسوخی کیلئے نیب اپیلوں پر جواب جمع کرا دیا گیا۔ دونوں ملزمان نے کیسے آشیانہ ہاوسنگ اسکینڈل میں اختیارات کا غلط استعمال کیا ، نیب نے سپریم کورٹ کو سب بتا دیا۔ نیب نے تحریری طور پر عدالت کو بتایا کہ شہباز شریف کا پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ بطور وزیر اعلی وہ کمپنی کے بورڈ ممبران کی نامزدگی کر سکتے تھے لیکن انہوں نے کسی شکایت کے بغیر پہلی کمپنی کا آشیانہ کا ٹھیکہ منسوخ کیا جس کیلئے سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد نے لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی پر دباؤ ڈالا۔ نیب نے بتایا کہ شہباز شریف نے کمپنی کی میٹنگ کی صدارت کی۔ ماڈل ٹاؤن گھر میں احد چیمہ کو منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت مکمل کرنے اور پیراگون سے 100 کنال زمین خریدنے کا حکم دیا۔ فواد حسن فواد نے کامران کیانی سے بذریعہ بینک 55 ملین روپے لیے۔ کرپشن کے دستاویزی اور زبانی شواہد موجود ہیں۔ دوسری جانب ملزم فواد حسن فواد نے بھی مقدمہ میں اضافی دستاویزات جمع کرا دی ہیں۔